پی سی بی سمیت دیگر فیڈریشنوں میں بھی جلد تبدیلی متوقع

پی سی بی سمیت دیگر فیڈریشنوں میں بھی جلد تبدیلی متوقع

لاہور( سپورٹس رپورٹر)حکومتی تبدیلی کے بعد دیگر اداروں کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت کھیلوں کی دیگرفیڈریشنوں کے عہدیداران کی تبدیلی بھی جلد ہی متوقع ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہاکی فیڈریشن کے سربراہان سب سے پہلے اس تبدیلی کی زد میں آئیں گے ۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی جب پنجاب کے نگران وزیر اعلی تھے تو ان پر پاکستان تحریک انصاف نے ان پر الیکشن میں ن لوگ کو سپورٹ کرنے کا دعوی کیا تھا اور بعد میں نجم سیٹھی پی سی بی کے چیئرمین بنے تو کہا گیا کہ انہیں ن لوگ سے وفاداری نبھانے کی بناء پر پی سی بی کا چیئرمین بنایا گیا ہے ۔اب سب سے زیادہ خطرہ پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو ہے ۔نجم سیٹھی کی جگہ اس وقت پی سی بی کے چیئرمین کے عہدیدران میں احسان مانی ،سابق فیڈرل سیکرٹری سپورٹس اشرف خان ،ماجد خان ،ذاکر خان کا نام لیا جارہا ہے ۔امید کی جارہی ہے کہ عمران اپنی حکومت بنانے کے بعد چیئرمین پی سی بی کو ان کے عہدے سے ہٹاکر میرٹ پر کسی کو چیئرمین لگوانے کی کوشش کریں گے ۔جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر کی تبدیلی کی بھی اطلاعات آرہی ہیں اور ان کی جگہ ظفر اللہ جمالی اور سابقہ ہاکی پلیئر ( فلائینگ ہارس سمیع اللہ کا نام لیا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین کے عہدہ کے لئے احسان مانی اور پی ایچ ایف کی صدارت کے لئے سمیع اللہ فیورٹ ہیں تاہم حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی