میں نے اور میرے اہل خانہ نے عمران خان کو ووٹ دیا‘جاویدمیانداد
لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے میرا پرانا تعلق ہے اور میں اس کی گارنٹی دیتا ہوں کہ وہ سچا، کھراانسان اور ہر بات منہ پر کہتا ہے ۔ میں نے اور میرے اہل خانہ نے عمران خان کو ووٹ دیا اور میں اسے پوری طرح سپورٹ کرتا ہوں ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں میرے بیان کو توڑ مرو ڑ کر پیش کیا گیا ۔میرا کہنے کا مطلب یہ تھا کہ جو پارٹی جیت جائے پیسے کے زور پر اس کی اکثریت کو اقلیت میں نہ بدلا جائے ۔عوامی مینڈیٹ کی توہین نہ کی جائے ۔اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی کے ساتھ لوگ خود شامل ہوجاتے ہیں ۔ساری دنیا جانتی ہے کہ ماضی میں اراکین کی خریدو فروخت کے لئے کس نے پیسہ کا استعمال کیا ۔عمران خان کو اللہ تعالی نے عزت دی ہے لیکن پیسے کے زور پر اس کو گرانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ صحیح نہیں ہے ،میرے کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ہمیشہ ہارنے والا ہی اکثریت حاصل کرنے کے لئے پیسے کا استعمال کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو کئی سال کی جدجہد کے بعد اللہ تعالی نے اس کی محنت کا صلہ دیا ہے ۔اس کو گرانے کی بجائے اس کو بھی آزمانا چاہئے ۔مجھے کسی سے کچھ نہیں چاہئے ۔میں نے عمران خان یا اس کی پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی ۔واضح رہے کہ جاوید میانداد سپریم کورٹ کی طرف سے ڈیم بنائے جانے کے لئے فنڈز اکھٹا کرنے کی بھی بھرپور کوشش کرررہے ہیں جبکہ انہوں نے 1992ورلڈ کپ کافائنل جو کہ پاکستان نے جیتا تھا میں استعمال ہونے والی کرکٹ بال کو بھی نیلام کیئے جانے اور نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم دیا میر بھاشا اور محمدڈیم فنڈز میں دینے کا اعلان بھی کیا ہواہے ۔