امریکی صدر ٹرمپ کا یوٹرن ایرانی ہم منصب کوغیر مشروط ملاقات کی پیشکش

امریکی صدر ٹرمپ کا یوٹرن ایرانی ہم منصب کوغیر مشروط ملاقات کی پیشکش

واشنگٹن( اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حسن روحانی کوپیشکش کی ہے کہ وہ کسی شرط کے بغیر ان کیساتھ کسی بھی جگہ ملا قات کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں اٹلی کے وزیر اعظم گیوسپی کانٹے کیساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں رپورٹرزکے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا میں ہر ایک سے مل سکتا ہوں کیونکہ میں ملاقات کرنے اور ملنے ملانے پر یقین رکھتا ہوں۔ خاص طور پر جب آپ جنگ ، قحط ،ہلاکتو ں اور بہت سی دوسری چیزوں کے بارے میں بات کر رہے ہوں، آپ کو ملنا چاہیے،ملنے میں کوئی برائی نہیں ،صدر نے اس ضمن میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے براہ راست بات چیت کا حوالہ دیااور روس کے صدر ولادی میر پوٹن کیساتھ اپنی ملاقات کو بھی ایک مثال کے طور پر پیش کیا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا اسلئے میں یقینی طور پر ایران کیساتھ ملوں گا اگر وہ ملنا چاہیں۔ میں یہ نہیں جانتا وہ ابھی تیار ہیں؟ اسوقت وہ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں،اگر وہ چاہتے ہیں تو میں ان سے ملنے کیلئے تیار ہوں۔ یاد رہے امریکہ اور ایران کے سربراہوں نے اس ماہ کے آغاز میں ایک دوسرے کیساتھ سخت دھمکیوں کا تبادلہ کیا تھا جس کے بعد پہلی مرتبہ صدر ٹرمپ کی طرف سے مصالحتی رویہ دیکھنے میں آیاہے ، اس سے قبل امریکہ نے اس جوہری معاہدے کو ترک کرنے کا اعلا ن کیا تھا جو سابق امریکی حکومت نے بہت محنت کر کے ایران کیساتھ طے کیا تھا جس کے بعدایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں لگا دی جائیں گی تاہم ابھی تک ان پابندیوں کا آغازنہیں ہوا لیکن بہت جلد لگ سکتی ہیں۔ برطانیہ ،فرانس، چین ، روس اور جرمنی جنہوں نے 2015ء میں ایران کیسا تھ ہونیوالے جوہری معاہدے پر دستخط کئے تھے،ان تمام ممالک نے ایران پر دو بارہ اقتصادی پابندیاں لگانے کی مخالفت کی ہے۔ امریکہ کو ایران کی مشرق وسطیٰ کے بارے میں پالیسی پر سخت اختلاف ہے جہاں امریکہ کے ایران کے دودشمن ممالک سعودی عرب اور اسرائیل سے بہت خوشگوار تعلقا ت ہیں۔تجزیہ کاروں کو صدر ٹرمپ اور صدر روحانی کے درمیان جلد ملاقات کی توقع نہیں ہے ۔ ا س سے قبل صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کے جواب میں حسن روحانی نے کہا تھا صدر ٹرمپ کی پالیسیاں ایک ایسی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں جو کئی جنگوں کو جنم دے گی۔انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے ایران پراجیکٹ کے ڈائریکٹر علی واعظ کہہ چکے ہیں کوئی بھی ایرانی رہنما مستقبل قریب میں ایک ایسے امریکی صدر سے ملنا نہیں چاہے گا جو کئی بار ایران کو دھمکی ، اس کی قیادت کو برا بھلا اور اس کے جوہری پروگرام کی خلاف ورزی کر چکاہے۔

ٹرمپ پیشکش

مزید : علاقائی