چینی سفیر کی نگران وفاقی وزیربرائے ایوی ایشن سے ملاقات

چینی سفیر کی نگران وفاقی وزیربرائے ایوی ایشن سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں متعین چین کے سفیر یاؤ جنگ نے منگل کو یہاں نگران وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی حسن بیگ کے علاوہ ایوی ایشن ڈویژن کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چین کے سفیر یاؤ جنگ نے پاکستا ن میں شفاف اور کامیاب جنرل الیکشن کرانے پر نگران حکومت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے کامیاب جمہوری عمل کے دوران نگران حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چین کے سفیر نے کہا کہ نگران حکومت نے کامیاب جنرل الیکشن کرا کے پاکستان میں جمہوری عمل کو مستحکم کیا ہے جس سے پاکستان کی سیاسی اور معاشی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ نگران وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن لیفٹیٹنٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے چین کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ایوی ایشن کے شعبہ میں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید بہتر کیا جائے گا اور ایئر پورٹس کے منصوبوں کو مکمل کرنے سمیت ہوائی سفر کی سہولیات کو بھی مزید وسعت دی جائے گی۔ نگر ان وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے پاکستان میں مختلف منصوبوں میں چین کے خصوصی تعاون کو سراہا اور سی پیک کے تحت چین کے تعاون سے گوادر ایئر پورٹ کی تعمیر کے تاریخی منصوبے کو دونوں ممالک کی دوستی کی لازوال بنیاد قرار دیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ چین اور پاکستان لازوال اور گہرے دوست ہیں جن کی سٹرٹیجک شراکت داری کی بھی اپنی مثال آپ ہے۔ چین کے سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں خصوصاً ایوی ایشن کے شعبہ میں ہر ممکن تعاون کیلئے کوشاں ہے۔

مزید :

علاقائی -