آصفہ کے قاتل نے ثبوت مٹانے کیلئے پولیس کو 4لاکھ روپے رشوت دی

آصفہ کے قاتل نے ثبوت مٹانے کیلئے پولیس کو 4لاکھ روپے رشوت دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں 8سالہ معصوم بچی آصفہ کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے مقدمے میں پولیس نے سپلیمنٹری چارج شیٹ پٹھانکوٹ ضلع و سیشن کورٹ میں دائر کر دی۔ اضافی چارج شیٹ میں ملزم پر ثبوت مٹانے کے لئے گرفتار شدہ پولیس اہلکاروں کو چار لاکھ روپے رشوت دینے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمہ کی کارروائی پٹھانکوٹ ضلع و سیشن کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر ہورہی ہے ۔ پولیس کرائم برانچ کے ایس ایس پی رمیش کمار جالا نے سپیشل پبلک پراسیکوٹر جے کے چوپڑہ اور دیگر وکلا کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تجویندر سنگھ کے روبرو چارج شیٹ پیش کی۔ قابل ذکر ہے کہ 9جولائی کو سپریم کورٹ نے کرائم برانچ کو سپلیمنٹری چارج شیٹ پیش کرنے کے لئے 8ہفتہ کی مہلت دی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چارج شیٹ میں متاثرہ بچی کو نشہ آور ادویات دئیے جانے کے بارے میں ماہرین کی رائے، کلیدی ملزم سانجھی رام کے بیٹے ویشال جنگوترہ جو کہ خود بھی اس معاملہ میں ایک ملزم ہے کے بچی کے قتل اور عصمت ریزی میں ملوث ہونے اور واردات کے دوران کٹھوعہ آنے کے بارے میں بھی ثبوت شامل کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ چارج شیٹ میں گواہاں کی ایک طویل فہرست بھی مزید جوڑی گئی ہے ۔
سپلیمنٹری چارج شیٹ میں تحقیقات کی تکمیل کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کمار دیپک کھجوریہ اور تلک راج کے ساتھ مسلسل رابطہ میں تھا، تلک راج نے ثبوت مٹانے کیلئے ان کے درمیان ڈیل کروائی۔ چارج شیٹ میں کمار کی فون کال کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں جن سے خلاصہ ہوتا ہے کہ وہ دونوں واردات کے دوران ایک ہی جگہ پر موجود تھے۔ سانجھی رام کے بینک کھاتہ کی تفصیلات بھی اس میں شامل کی گئی ہیں جن کے مطابق بھاری بھرکم رقومات نکالی گئی ہیں جب کہ وہ نہ تو کسی تعمیری سرگرمی میں مشغول تھا اور نہ ہی کوئی ایسی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ ملزم پر ثبوت مٹانے کے لئے گرفتار شدہ پولیس اہلکاروں کو چار لاکھ روپے رشوت دینے کا الزام ہے ۔

مزید :

علاقائی -