صدر اردوان کا عمران خان کو فون ، پا ترک تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

صدر اردوان کا عمران خان کو فون ، پا ترک تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) برادر اسلامی ملک ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر فون کرکے مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اوردونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر اتفاق کیاہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رجب طیب اردوان نے عمران خان کو فون کیا اور انتخابات میں جیتنے پر دلی مبارک باد پیش کی۔ترک صدر نے عمران خان اور آئندہ بننے والی حکومت کیلئے نیک تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے نیک خواہشات اور مبارکباد کیلئے فون کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں کے مابین گفتگو میں پاک ترک تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر اتفاق پایا گیا ۔ دوسری طرف ممکنہ وزیر اعظم عمران خان کیساتھ پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روزعمران خان سے متحدہ عرب امارا ت کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلام الذ ا بی نے انکی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی ، کامیابی پر مبارکباد ، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے ملک کی جا نب سے انہوں نے خطے میں امن وامان اور پاکستان کیساتھ دیرینہ تعلقات کے پیش نظر نئی حکومت کیساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہا کیا، عمران خان نے یو اے ای کے سفیر اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان بھی برادر اسلامی ملک کیساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کر نے کا خواہاں ہے ،یاد رہے اب تک چین، سعودی عرب، ایرا ن کے سفیرعمران خان کیساتھ ملاقات کر کے انہیں اپنے ممالک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرواچکے ہیں جبکہ بھارت ، افغانستان ، مالدیب اور دیگر ممالک کے سربراہوں نے ٹیلی فون پر عمران خان کو الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نئی حکومت کیساتھ مکمل تعاون کی پیشکش کی، جبکہ امریکہ ،برطانیہ ، روس اور یورپی ممالک کے کسی نمائندے نے عمران خان سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا ،تاہم ان ممالک کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں پاکستان میں بننے ولی نئی حکومت کیساتھ تعاون کرنے کااعادہ کیا ہے۔

اردوان فون

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فاسٹ بالر عمر گل اور سابق کپتان وقار یونس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ اور عمر گل بنی گالا پہنچے تو جہانگیر ترین نے ان کا استقبال کیا۔ قومی کرکٹرز نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔عمران خان نے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان کو کرکٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بنائیں گے اور کھلاڑیوں کیلئے بہترین مواقع اور زیادہ میدان فراہم کریں گے۔ملاقات کے بعد کھلاڑیوں کا کہنا تھا ماضی کے عظیم آل رانڈر اور سابق کپتا ن عمران خان نے ملاقات میں اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ وہ اقتدار میں آکر کرکٹ کے معاملات کو ٹھیک کریں گے اور پاکستانی ٹیم کو دنیا کی صف اول کی ٹیم بنانا ان کے اہداف میں شامل ہیں۔عمران خان نے سرفراز احمد سے کہا پاکستانی ٹیم اچھا کررہی ہے اور مجھے امید ہے یہ ٹیم مزید بہتر کرے گی، میری تمام تر نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کیلئے ہیں۔ملاقات میں عمر گل نے کہا آپ ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے جبکہ محمد حفیظ کا کہنا تھا عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل تابناک دکھائی دیتا ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...