ملکی مستقبل ناتجربہ کاروں کے ہاتھوں میں آگیا

ملکی مستقبل ناتجربہ کاروں کے ہاتھوں میں آگیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں جس طرح سے عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے س سے پاکستانی سیاست کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ خلائی مخلوق نے جس انداز سے ایک جماعت کا راستہ ہموار کرنے کے لئے دوسری سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگایا اور حالیہ انتخابات میں دوسری سیاسی جماعتوں کے راہنماوں کو ایک سازش کے تحت اسمبلیوں میں نہیں آنے دیا گیا اس سے پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے،وہ ایشو آف دی ڈے میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی مستقبل اب نا تجربہ کاروں اور گالم گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھانے والے بزجمہر وں کے ہاتھ میں چلا گیا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی رسوائی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب اقتدار میں آنے کے لئے جن سیاسی پارٹیوں کے راہنماوں کے قدموں میں گر رہی ہے ماضی میں عمران خان ان کو چور اور لٹیرا کہتی تھی ۔حالیہ انتخابات سے قبل پاکستان کی سب سے مقبول جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور دیگر راہنماوں کو پابند سلاسل کر کے ایک لاڈلے کو اقتدار مین لانے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگائی جا رہی ہے ۔لیکن عمران خان نے گالم گلوچ اور شدت پسندی کی جس سیاست کو متعارف کروایا ہے اب اسے خود یہ سب کچھ بھگتنا پڑے گا کیونکہ جو کچھ بویا جائے وہ کاٹنا پڑتا ہے۔

طلال چوہدری

مزید : صفحہ اول