پنجاب میں تعداد کم ہے تو کیا ؟ اپوزیشن ڈٹ کر کرینگے : بلاول بھٹو
کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ڈٹ کر اپنا کردار ادا کریں گے۔وہ گزشتہ روز پنجاب کے نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی جنہوں نے بلاول ہاؤس کراچی میں ان سے ملاقات کی اور حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیاسے گفتگو کر رہے تھے ،دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے گرین سگنل کے بعد پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا تعداد کم ہے تو کیا ہوا؟ پنجاب میں ڈٹ کر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ جنوبی پنجاب کا صوبہ کوئی کٹھ پتلی نہیں صرف پیپلز پارٹی ہی بنا سکتی ہے۔انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہم کسی کی غیر مشروط حمایت نہیں کریں گے، ہماری حمایت اور مخالفت عوامی مسائل کی بنیاد پر ہو گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی سے ملاقات کرنیوالوں میں حسن مرتضیٰ، علی حیدر گیلا نی اور دیگر شامل تھے۔قبل ازیں پارٹی کے نومنتخب اراکین اسمبلی کے اعزاز میں بلاول ہاؤس میں دئے گئے ظہرانے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھاپیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کی ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے نظریئے کو فروغ دینے کیلئے پارلیمان کا فورم استعمال کرے گی، مشکلات اور دھاندلی کے باوجود پیپلز پارٹی نے 2013ء کے مقابلے میں 2018ء کے انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کچھ پارٹیاں پارلیمان کا بائیکاٹ کرنے کی باتیں کر رہی تھیں، لیکن ہم نے انہیں ایسا نہ کرنے پر قا ئل کرلیاہے ، یہ جمہوری سوچ کی کامیابی ہے، گو ہمیں انتخابی عمل پر تحفظات ہیں، ہمیں سندھ میں مزید ڈلیور کرنے پر فوکس کرنا ہے، گڈ گور ننس اور بہتر کارکردگی ہماری نئی حکومت کا طرہ امتیاز ہوگا، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے،کیونکہ انہوں نے ہی ہمیں ایوانوں میں بھیجا ہے، ہمیں عالمی و معاشی محاذ پر بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ بلاول ہاؤس میں دیئے گئے ظہرانے میں راجا پرویز اشرف، فریال تالپور، شیری رحمان، قائم علی شاہ،خورشید شاہ، نثارکھوڑو، رضا ربانی، مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو