اداروں کی سرپرستی کے باوجود پی ٹی آئی واضح اکثریت حاصل نہ کر سکی : سراج الحق
لاہور ( این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں صدر متحدہ مجلس عمل مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ہونے والے ایم ایم اے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کا نقطہ نظر پیش کیا اور کہاکہ ریاستی اداروں کی تمام تر سپورٹ اور سرپرستی کے باوجود پی ٹی آئی واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ الیکشن میں عوام نے دینی جماعتوں کو بہت بڑے پیمانے پر ووٹ دیا ہے ہمیں اسمبلیوں کے اندر جاکر موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے ملک و قوم کے لیے بہتر نہیں ۔ ہمیں استحکام پاکستان کے لیے جمہوری روایات کو فروغ دینے کی ضرو رت ہے ۔ اجلاس میں لیاقت بلوچ ، اویس نورانی ، اکرم درانی ، میاں محمد اسلم و دیگر نے بھی شرکت کی ۔دریں اثنا کارکنان کے نام اپنے پیغام میں سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ایک فکری تحریک ہے ۔سیاست کو ہم عوام کی خدمت کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں لیکن سیاست معاشرتی اصلاح اور خدمت خلق کے وسیع کام کا صرف ایک جزو ہے ، ہمارا اصل کام غلبہ دین ہے ۔ ہم خاتم النبیینؐ کے غلام اور انبیاء کرام ؑ کے وارث ہیں ۔ جس طرح وقتی کامیابی ہمارے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی ، اسی طرح وقتی ناکامیاں بھی ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں ۔ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے اور ہم اللہ کی تائید و نصرت اور عوام کی حمایت سے اپنی یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔
سراج الحق