علیم خان کے بارے میڈیا پر آنیوالے تحفظات درست ،محمود الرشید

علیم خان کے بارے میڈیا پر آنیوالے تحفظات درست ،محمود الرشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے کہاہے کہ وزارت اعلیٰ پنجاب کے لئے عمران خان کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے پارٹی دفاعی اپوزیشن میں آجائے ، علیم خان کے بارے میں میڈیا پر پیش کئے جانیوالے تحفظات درست ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہاہے کہ عمران خان کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے پارٹی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑے اور پارٹی دفاعی پوزیشن میں آجائے۔ علیم خان کے بارے میں میڈیا پر جو تحفظات کا اظہار کیا جارہاہے وہ ٹھیک ہیں۔ عمران خان بھی اس سارے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ ان سے میڈیا سمیت دیگر افراد مل چکے ہیں اور اس حوالے سے عمران خان اپنا ذہن بنا چکے ہیں۔ وہ آئندہ 48گھنٹے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کردیں گے جس سے سب کو خوشگوار حیرت ہوگی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عمران خان کی زیر نگرانی کام کرے گا۔ ہماری کوشش ہوگی کے پنجاب میں صحت ، تعلیم اور فوڈ کے حوالے سے خوشگوار تبدیلیاں لیکر آئیں۔ پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی میں سپیکر شپ دینے کا فیصلہ حتمی نہیں ہے بلکہ یہ ایک تجویز ہے اور ہو سکتا ہے کہ اس پر عمل در آمد ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو وزارت اعلیٰ پنجاب کے لئے ضمنی الیکشن لڑانے کے امکانات نظر نہیں آتے۔ گراس روٹ لیول پر نوجوانوں کو پارٹی سٹرکچر میں سمولیا جاتا تو نتائج اس سے مختلف ہوتے جو اب آئے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -