عمران خان کو اقتدار نہیں حکومت مل رہی ہے ، اعتزاز احسن

عمران خان کو اقتدار نہیں حکومت مل رہی ہے ، اعتزاز احسن

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اگر وفاق میں ہم نون لیگ کے ساتھ بیٹھ گئے تو منطقی بات ہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپوزیشن لیڈر بنایا گیا تو ہمارے لیے خوشی کا مقام ہو گا لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس کا امکان ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنا مضبوط امیج بنایا ہے شائستہ بیانی بلاول کی طاقت ہے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اقتدار نہیں حکومت مل رہی ہے جب کہ نواز شریف کو ہمیشہ اقتدار اعلی ملا ہے۔مجھے نون لیگ اور تحریک انصاف کے درجنوں لوگوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں ورنہ دل چاہتا ہے کہ بلاول کو ووٹ دیں۔ میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر رہا ہوں، جہاں نو سیاسی جماعتیں تھیں، میں نے ان سب کو ساتھ رکھا اور ایک پالیسی فلور پر لایا جو آسان کام نہیں تھا کیونکہ لیڈر آف دی اپوزیشن بننا اور اس کی ذمہ داریاں ادا کرنا بے حد مشکل ہے۔ ہم بہت عرصے سے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب بھیجنا چاہتے تھے، اس کی شائستہ بیانی اس کی طاقت ہے، لوگوں نے نوٹ کیا کہ ایک طرف گالم گلوچ چل رہی ہے اور دوسری طرف ایک نوجوان شائستہ زبان میں بات کر رہا ہے۔اعتزاز احسن کا مزیدکہنا تھا کہ شہباز شریف نے 13جولائی کو اپنے بھائی کے استقبال کے لیے ریلی نکالی لیکن وہ اپنی گاڑی سے باہر نہیں نکلے اور گاڑی سے ہی تقریریں کرتے رہے مگر بلاول اپنی ریلی کے دوران لوگوں میں گھل مل گئے۔ نون لیگ اور شریف برادران کا مزاج تحکمانہ ہے، انہیں جب اکثریت ملتی رہی تو وہ کسی وزیر یا وزیر اعلی کو خاطر میں نہیں لائے، ایسے وزیر بھی رہے ہیں جن کی نواز شریف سے کبھی ون ٹو ون ملاقات ہی نہیں ہوئی۔نواز شریف کو علاج کی غرض سے باہر بھیجے جانے سے متعلق بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسی کوئی نظیر نہیں ملتی نا ہی قانون میں اس طرح کی کوئی گنجائش ہے، انہیں باہر بھیجنے کے لیے ان کا مقدمات سے بری ہونا ضروری ہو گا۔

اعتزاز احسن

مزید : صفحہ آخر


loading...