کراچی نے ذمہ داریاں عمران کے کاندھوں پر ڈال دیں
(تجزیاتی رپورٹ/نعیم الدین)
کیا عمران خان کراچی کا منظر نامہ تبدیل کرنے میں کوئی کردار ادا کرسکیں گے۔ کراچی کے مسائل ہی پی پی اور ایم کیو ایم کے ووٹرز کو بہا لے گئے، اگر کراچی کے بلدیاتی نظام پر خصوصی توجہ دی گئی ہوتی اوربلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے گئے ہوتے تو آج یہ دن ہر گز نہ دیکھنے پڑتے۔ ن لیگ کی گرین بس (جنگلہ بس) بھی کوئی اثر نہیں دکھا سکی ، یہ کوشش بھی بے اثر رہی، ملکی بلدیاتی نظام جو پہلے ہی کمزور ہے، میئر حضرات کو اختیارات محدود دیئے گئے ہیں ، وہ چاہے لاہور کا میئر ہو یا کراچی کا ان کے پاس اختیارات ہونا چاہیے تھے۔ شہریوں کے مسائل ساری دنیا میں بلدیات کے پاس ہی ہوتے ہیں اور کراچی میں ماضی کی مثالیں موجود ہیں ،پاکستان بننے کے بعد انتہائی مضبوط بلدیاتی نظام موجود تھا ، شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے مضبوط و مستحکم بلدیاتی نظام انتہائی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ الیکشن 2018ء میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے ووٹرز کو گھر گھر جا کر یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ آپ کے محلے کے گندے پانی کی نکاسی کا نظام اور کچرہ ہٹانے کا بہتر انتظام کریں گے ، حالانکہ ساری دنیا یہ جانتی ہے کہ ارکان اسمبلی کا اصل کام قانون سازی ہی ہے یا ترقیاتی کام ہیں، کچرہ ہٹانے کا کام تو صرف اور صرف بلدیہ عظمی کراچی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ کراچی کے ووٹرز کا رخ بدلنے میں کراچی کی گندگی نے اہم کردار ادا کیا اور انہیں تبدیلی کا اشارہ مل گیا۔ موجودہ الیکشن میں کراچی کی عوام نے اپنے ووٹ کا درست استعمال کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ تعصب سے پاک سیاست میں ہمیشہ حصہ لیتے رہیں گے۔ کیونکہ اس شہر کے باشعور عوام نے یہ بھی سوچ لیا ہے کہ کراچی کب تک اپوزیشن کا شہر بنا رہے گا۔ اب اس شہر کو اپنی مرضی کے راستے خود اختیار کرنا ہوں گے، بغیر کسی دباؤ کے ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جو اس شہر کو دوبارہ سے ترقی کی راہ پر ڈال سکیں اور معیشت کا پہیہ پھر سے چل پڑے، بیروزگاری جو کہ اس شہر کا مقدر بن چکی ہے ، سرکاری نوکریوں کے دروازے اس شہر کے نوجوانوں کے لیے بند تھے، وہ کھل جائیں ۔ اس مرتبہ کراچی کے عوام نے ماضی کے انتخابات کے مقابلے میں بالکل ہٹ کر فیصلہ دیا ہے۔ یہ شہر جو 70 سالوں سے پورے ملک کے عوام کیلئے روزگار فراہم کررہا ہے، اس کی ضروریات اس کی آمدنی کے لحاظ سے بہت زیادہ ہیں، اس کو اب اس کے حقوق دینے ہونگے۔ کراچی کے بڑے مسائل میں پانی ، ٹرانسپورٹ، صحت شامل ہیں، ا س شہر کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ وفاق میں آنے والی حکومت اس شہر کیلئے اپنا کیا کردار ادا کرتی ہے؟