ٹریفک حادثات،4افراد جاں بحق،مچھلی کا شکار اور نہر میں نہاتے 2نوجوان ڈوب گئے

ٹریفک حادثات،4افراد جاں بحق،مچھلی کا شکار اور نہر میں نہاتے 2نوجوان ڈوب گئے

کوٹ ادو‘دائرہ دین پناہ‘راجنپور‘منٹھار ‘صادق آباد ‘کچاکھوہ مختلف حادثات وواقعات میں 6افراد زندگی کی بازی ہارگئے ‘دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر 3بچوں کے بات نے (بقیہ نمبر50صفحہ12پر )

خودکشی کرلی ‘کوٹ مٹھن کے قریب دریائے سندھ سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمدہوئی ہے اس حوالے سے کوٹ ادو ‘دائر دین پناہ سے تحصیل رپورٹر‘ اور نامہ نگار کے مطابق کوٹ ادو ملتان روڈ پر کیری ڈبہ اور ٹرک میں خوف ناک حادثہ ،حادثہ کے نتیجہ میں 2افراد موقع پر جاں بحق،10زخمی ،4افراد کی حالت تشویشناک نشتر ہسپتال روانہ،تفصیل کے مطابق کوٹ ادو ملتان روڈ پل40پر حادثہ ،شجاح آباد سے فوتگی سے واپسی آتے ہوئے کیری ڈبہ میں سوار 10افراد جو کہ کوٹ سلطان کے رہائشی ہیں پل 40کے مقام پر پہنچے تو سامنے سے آنے والا ٹرک کیری ڈبہ پر الٹ گیا جس کے نتیجہ میں نوید نامی نوجوان اور زیب النساء خاتون موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ حاجی تنویر ،شہزاد،نورین بی بی اور اعجاز احمد شدید زخمی حالت میں نشتر ہسپتال روانہ جبکہ 6زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو میں داخل کرلیا گیا،نامعلوم ٹرک ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار،پولیس تھانہ دائرہ دین پناہ حادثہ کے دو گھنٹے بعد موقع پر پہنچی اہل علاقہ کا پولیس کے خلاف شدید احتجاج۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق انڈس ہائی وے پر محمدپوردیوان کے قریب مسافر کوچ موٹرسائیکل سواروں کو بچاتے ہوئے لوڈر ٹرک سے جاٹکرائی ، موٹرسائیکل سوار دونوں افراد جاں بحق ،ٹرک اور مسافر کوچ کے نوافراد زخمی ہوگئے تین زخمیوں کوتشویشناک حالت کے باعث ٹراما سنٹر ڈی جی خان منتقل کردیا گیا محمدپوردیوان اور جام پور کے ہسپتالوں میں باقی زخمی منتقل تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر کوچ محمد پوردیوان کے قریب دوموٹرسائیکل سوار افراد کوبچانے کی غرض سے لوڈر ٹرک سے جاٹکرائی اس حادثے میں چچا بھتیجا موقع پر جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں محمدپور دیوان بنیادی ہیلتھ سنٹر منتقل کردی گئی جبکہ اس حادثے میں مسافر کوچ اور ٹرک میں سوار نوافراد زخمی ہوگئے جن میں تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اُنہیں ڈی جی خان منتقل کردیا گیا دیگر زخمیوں کی طبی امداد جاری ہے ۔منٹھار سے نامہ نگاراور نمائندہ پاکستان کے مطابق مچھلی کا شکار کرتے ہوئے روہی جھیل میں ایک جوان ہلاک جبکہ دو ساتھی بچ نکلنے میں کامیاب ،منٹھار کے نواحی گاؤں239 پی کا 28 سالہ شاہ میر اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ روہی جھیل (جو مختلف سیم نالوں کا پانی ٹیلوں میں اکٹھا ہو کر کئی کلومیٹر لمبائی چوڑائی میں جمع ہو گیا ہے)میں کشتی کی مدد سے مچھلی کا شکار کر رہا تھا کہ اچانک کشتی الٹنے سے وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دونوں ساتھی زندہ بچنے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس تھانہ منٹھار کے تفتیشی مقصود احمد کے مطابق پولیس نے نعش اپنی تحویل لے کر قانونی کاروائی شروع کر دی ،بعد ازاں تدفین کے لئے نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔جاں بحق ہونے والا جوان شاہ میر تھانہ منٹھار کے رضا کار امیر حسن کا بھائی تھا۔صادق آباد سے نمائند ہ پاکستا ن کے مطابق 12سالہ لڑکا نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا‘ 24گھنٹے بعد نعش نہر سے نکال لی گئی ، گھر میں کہرام مچ گیا ۔ تفصیل کے مطابق مہاجرکالونی کے رہائشی نعیم شاہ کا 12سالہ بیٹا علی حسن آدم صحابہ ڈسٹری بیورٹری میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا‘ جس کی اطلاع ریسکیو 1122کو دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ‘رات گئے علی حسن کا کوئی پتہ نہ چل سکا، چوبیس گھنٹے گزرنے کے بعد علی حسن کی نعش ماچھی گوٹھ کے قریب نہر سے مل گئی ، نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی ۔ کچا کھوہ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق کچاکھو ہ 28سالہ نوجوان نے دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر خودکشی کرلی ۔ کچاکھوہ کے نواحی علاقہ بیرون پُل کا رہائشی 28سالہ عمران جو کہ شادی شدہ تھا اس کی بیوی جھگڑا کر کے اپنے میکے چلی گئی تھی۔انکشاف ہوا ہے کہ عمران دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اجازت نہ ملنے پروالدین اور بیوی سے جھگڑا ہو گیاتاہم اسی رنجش پر عمران نے گلے میں رسی ڈال کر پنکھے سے جھول کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔متوفی تین بچوں کا با پ تھا۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق راجن پور کے نواحی علاقے کوٹ مٹھن کے قریب دریائے سندھ سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ،خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم اور شناخت کیلئے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال منتقل کردی گئی تفصیلا ت کے مطابق کوٹ مٹھن پولیس ترجمان نے میڈیا کوبتایا کہ دریائے سندھ سے نامعلوم خاتون کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہ ہوسکی ہے لاش کو پوسٹ مارٹم اور شناخت کیلئے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال راجن پور منتقل کردیا گیا ہے ۔

مختلف حادثات

مزید : ملتان صفحہ آخر