مردان میں ڈپٹی کمشنر کی مون سون بارشوں سے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

مردان میں ڈپٹی کمشنر کی مون سون بارشوں سے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

مردان( بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسودمردان نے قومی تعمیر کے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اپنی کاروائیاں تیزکرتے ہوئے کھڑے پانی کو نکالنے کے ساتھ ساتھ نالیوں اور اعرابوں کو صاف کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں ،محکمہ صحت علاقے میں ڈینگی ملیریا اور دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لیے الرٹ ہو جائے اور بلدیاتی ادارے اور کونسلرزبھی اس سلسلے میں سرکاری محکموں کے ساتھ رابطے میں رہیں ۔وہ اپنے دفتر میں حالیہ بارشوں میں ہونے والے نقصانات ، بحالی کے کاموں اور آئندہ کے لیے اس طرح کے نقصانات سے بچنے کے اقدامات کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرقاسم ،اسسٹنٹ کمشنر عمران خان ، محکمہ پبلک ہیلتھ، آبپاشی ،مال، صحت ،تعلیم ، ٹی ایم اے ، ڈبلیو ایس سی سی مردان ، ریسکیو 1122 کے افسران، ضلعی کونسلر نعیم انو ر۔ایگزیکٹیو انجنئیر پیسکو شاہ راز خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے سروے کے لیے فوری طور پر ٹیمیں متعلقہ علاقوں میں بھیجیں جن کی پورٹس پر کاروائی جاری ہے ۔اُنہوں نے تما م محکموں کے افسروں سے کہا کہ وہ اپنے محکمے کے لیے مختص کردارکی بخوبی ادائیگی کے لیے مصروف عمل ہوجائیں ۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں ٹی ایم ایز اور دیگر اداروں کی مدد سے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں ۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسود نے بعدازاں متعلقہ حکام کے ہمراہ مصطفی آباد ، فارم کورونہ اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کھڑے پانی کی فوری نکاسی کے لیے محکموں کو موقع پر ہدایات دیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر