پاکستان کے بدلتے سیاسی حالات،کشمیرمیں بیرسٹرسلطان اہم ہوگئے

پاکستان کے بدلتے سیاسی حالات،کشمیرمیں بیرسٹرسلطان اہم ہوگئے

مظفرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان میں بدلتے سیاسی حالات آزاد کشمیر میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اہمیت اختیار کر گئے۔مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں فاروڈ بلاک کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔باخبر ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کابینہ کے تین وزراء نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک خفیہ مقام پر ملاقات کی ہے اور آزاد کشمیر میں جلد تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے ہوم ورک کا پلان پیش کر دیا ہے۔18سے زائد اراکین قانون ساز اسمبلی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔جن میں مہاجرین جموں وکشمیر کے 9اراکین اسمبلی سرفہرست ہیں۔باقی نو کا تعلق بھی اہم حلقوں سے ہے۔جوڑ توڑ کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔جبکہ آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی اہمیت میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔دوسری جانب سردار عتیق احمد خان نے بھی اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے لابنگ جاری کر رکھی ہے۔مگر لیگی ممبران اسمبلی سمیت چند ٹائیگرز نے بھی عتیق خان کے ساتھ جانے سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر