الیکشن کمیشن قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لے ،خواجہ طارق نذیر

الیکشن کمیشن قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لے ،خواجہ طارق نذیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لے ۔ملکی تاریخ کے متنازع ترین انتخابات کرانے پر چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر استعفیٰ دیں ۔بغیر پولنگ ایجنٹس کے ووٹوں کی گنتی اور نتائج کی تبدیلی الیکشن کمیشن پر سیاہ دھبے کے مترادف ہیں ۔منگل کو جاری بیان میں خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ ملکی تاریخ کے متنازع ترین انتخابات کو شفاف ،آزادانہ اور غیر جانبدارانہ قرار دینا عوام کی توہین ہے ۔پری پول رگنگ ،آر ٹی ایس کا معطل کرنا ،ووٹوں کی بغیر پولنگ ایجنٹس کے گنتی ،تاخیر سے انتخابی نتائج کو اناؤنس کرنا ،مسترد شدہ ووٹوں کی تاریخی تعداد اور حلقے کھلنے پر رزلٹ تبدیل ہونا الیکشن کمیشن آف پاکستان پر سیاہ دھبہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی او ر دیگر شہروں سے بیلٹ پیپرز کا کچرا کنڈیوں سے ملنا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے ۔اس بات کی مکمل تحقیقات کی جائے یہ بیلٹ پیپرز کچرا کنڈیو ں تک کیسے پہنچے ۔ان عوامل کی بنیاد پر الیکشن کمشنر سمیت ای سی پی کو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کو ملک گیر جماعتوں نے مسترد کردیا ہے ۔ای سی پی مکمل طور پر یرغمال تھا ۔پولنگ اسٹیشنز سے لے کر انتخابی نتائج تک اس کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔اگر قوم کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو سب کچھ خاک میں مل جائے گا ۔باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلم لیگ (ن) کو انتخابات میں شکست سے دوچار کرایا گیا ۔دھاندلی کے باوجود پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز شریف آج بھی پاکستان کے عوام کی دلوں کی دھڑکن ہیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر