”پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اتحادیوں کی وجہ سے 6 مہینے میں ہی ختم ہوجائے گی کیونکہ ۔۔۔ “ کاشف عباسی نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر بجلیاں گرادیں

”پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اتحادیوں کی وجہ سے 6 مہینے میں ہی ختم ہوجائے گی ...
”پی ٹی آئی کی حکومت اپنے اتحادیوں کی وجہ سے 6 مہینے میں ہی ختم ہوجائے گی کیونکہ ۔۔۔ “ کاشف عباسی نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر بجلیاں گرادیں

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و اینکر پرسن کاشف عباسی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت زیادہ سے زیادہ 6 مہینے ہی چل پائے گی کیونکہ ان کے اتحادیوں پر نیب میں انکوائریاں اور فوجداری مقدمات چل رہے ہیں، اگر انہوں نے اپنے وعدوں پر عمل شروع کردیا تو حکومت نہیں چل پائے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کاشف عباسی نے کہا پی ٹی آئی کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ ان کے پاس صرف 6 مہینے ہیں ،یہ نہ سوچیں کہ انہیں پورے پانچ سال ملیں گے، اس عرصے میں انہیں اپنا بہتر تشخص قائم کرنا پڑے گا کیونکہ اس عرصے میں انہیں بہت مشکلات ہوں گی ۔

کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ جو لوگ پی ٹی آئی کے ساتھ چل رہے ہیں ان پر بھی نیب کے کیسزہیں، متحدہ کا کراچی میں اپنا ایک ٹریک ریکارڈ ہے، کسی پر فوجداری تو کسی پر کرپشن کے کیسز ہیں۔ اگر اتحادیوں پر نیب کے کیسز کی کارروائی آگے بڑھی تو وہ واویلا کریں گے اور اگر کارروائی نہ ہوئی تو لوگ ان پر تنقید کریں گے، اتحادی انہیں بڑی مشکل میں ڈالیں گے۔

کاشف عباسی نے کہا کہ حکومت کیلئے بننے والے اتحاد کو اکٹھا رکھنا بہت مشکل ہوگا کیونکہ اگر پی ٹی آئی نے اپنے وعدوں پر چلنا شروع کیا تو انہیں بہت مشکل ہوگی اور حکومت ختم بھی ہوسکتی ہے اس لیے پہلے 6 مہینوں کے اندر اندر جو یہ کرسکتے ہیں کرجا ئیں۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد