پی ایس 125،عباس جعفری تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہونیوالے واحد فنکار بن گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) حالیہ انتخابات میں حصہ لینے والے فنکاروں میں سے عباس جعفری واحد فنکاراور ماڈل بن گئے جنہیں عوام نے اسمبلی میں پہنچادیا، وہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 125سے کامیاب ہوئے ۔
تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018ءمیں حصہ لینے والے 6 فن کاروں میں سے واحدفنکار عباس جعفری کامیاب ہوئے ہیں، عباس جعفری معروف ماڈل اور اداکار ہیں اور انہوں نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 125 سے انتخابات میں حصہ لیااورتقریباً 31 فیصد ووٹ یعنی 30687ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔عباس جعفری نے ایم کیوایم اور تحریک لبیک سمیت مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اورآزاد امیدواروں سمیت مجموعی طورپر 16امیدواروں کو شکست سے دوچار کیا۔
ہارنے والے امیدواروں میں ابرارالحق، جواد احمد، ساجدحسن، ایوب کھوسہ اور گل رعنا ہیں۔ عباس جعفری نے فتح یاب ہونے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی کا رکن منتخب ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میں اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔