لوگ سرعام ان لڑکا لڑکی پر گٹر کا پانی کیوں پھینک رہے ہیں؟ حقیقت جان کر آپ کو بے حد افسوس ہوگا
جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) جرم کیسا بھی ہو اس کا ارتکاب کرنے والوں سے نمٹنا قانون اور قانونی اداروں کا کام ہے۔ اگر لوگ خود ہی منصف بن جائیں اور گلیوں بازاروں میں سزائیں دینا شروع کر دیں تو کچھ ایسے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جو سوشل میڈیاپر سامنے آنے والی اس ویڈیو میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ ویڈیو انڈونیشیا کے شمال مغربی صوبے لانگسا میں بنائی گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نیم برہنہ شخص کو گندے نالے کے اوپر بٹھایا گیا اور اگلے ہی لمحے برقعے میں ملبوس ایک لڑکی کو بھی لا کر اس کے ساتھ بٹھایاجاتا ہے۔ اس کے بعد ایک نوجوان گندے پانی کی بالٹی بھرتا ہے اور لڑکی کے سر پر انڈیل دیتا ہے۔ وہ اس کے بعد بھی یہ کام جاری رکھتا ہے اور آس پاس کھڑے لوگ اس بدقسمت جوڑے کا مذاق اڑاتے سنائی دیتے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس جوڑے پر الزام تھا کہ وہ ناجائز مراسم کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں زیرعتاب نظر آنے والے شخص کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ مقامی ریجنل ڈیویلپمنٹ بورڈ کا سربراہ ہے اور لڑکی اس کی ناجائز محبوبہ بتائی گئی ہے۔ اگرچہ یہ شخص لوگوں کو بتاتا رہا کہ ان دونوں نے شادی کر رکھی ہے تاہم ان کی بات سنی ان سنی کر دی گئی اور انہیں سب کے سامنے غلاظت میں ڈبویا گیا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جب اس معاملے کی پولیس کو اطلاع دی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ دیہاتی علاقوں میں غیر اخلاقی حرکات کا ارتکاب کرنے والوں کے ساتھ لوگ ایسا ہی سلوک کرتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی اسی صوبے میں اس طرح کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں مگر مقامی حکام نے قانونی کاروائی میں کبھی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
۔۔۔ویڈیو دیکھیں۔۔۔