سیاہ کبھی سفید نہیں ہو سکتا، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو شہزاد اکبر کا سچ برداشت نہیں: فردوس عاشق اعوان

    سیاہ کبھی سفید نہیں ہو سکتا، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو شہزاد اکبر کا سچ ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لیگی رہنماؤں میں شہزاد اکبر کا سچ سننے کا حوصلہ نہیں کیونکہ ان کے پاس اپنی بے گناہی کے ثبوت موجود نہیں اس لئے پی ٹی آئی رہنماء پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مال مفت دل بے رحم کے فارمولے پر عمل کرتے ہوئے لیگی قیادت نے لوٹ مار کا جو بازار گرم کیا تھا، نئے پاکستان میں اس کا حساب دینا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھوک کے حساب سے کرپشن کرنے والوں کو اپنے خلاف شواہد پرچون کی دکان لگ رہے ہیں؟۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والوں کی جیب سے ثبوت کی بجائے قطری خط برآمد ہوا لہٰذالیگی ترجمانوں کی کوششوں سے سیاہ کبھی سفید نہیں ہوسکتا۔علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے بانی صدرسردار محمد ابراہیم کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر کیساتھ اٹوٹ انگ کا رشتہ  مضبوط کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قوم کو اپنے مفادات پس پشت ڈال کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قدم سے قدم ملا کر چلناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں جبکہ وزیراعظم پاکستان نے سردار ابراہیم کے پیغام کو دنیا کی سپر طاقت کے صدر کے سامنے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقبوضہ کشمیر کو متنازعہ خطہ منوایا ہے اوردورہ امریکہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے نہایت جرأت و بہادری کے ساتھ امریکی صدر کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ سردار ابراہیم کا مشن ابھی ادھورا ہے اور اس کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی سطح پر یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس کاز سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

 فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -