ٹھوکر نیاز بیگ چوک کی بحالی اور خوبصورتی کا منصوبہ تیزی سے مکمل کرنے کافیصلہ

ٹھوکر نیاز بیگ چوک کی بحالی اور خوبصورتی کا منصوبہ تیزی سے مکمل کرنے کافیصلہ

  

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے ہدایت کی ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ چوک کی بہتری وبحالی‘خوبصورتی اور ٹریفک مینجمنٹ کا کام تیز کرکے اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔یہ شہر کا اہم داخلی و خارجی راستہ ہے جہاں سے روزانہ لاکھوں گاڑیاں گزرتی ہیں۔ یہاں سے ملتان روڈ‘رائے ونڈ روڈ‘موٹر وے اور چوبرجی کی طرف سے جانے والی ٹریفک کے لئے روانی اور سہولت پید ا کی جائے۔سڑکوں پر اسفالٹ کی تہہ بچھانے کا کام تین اگست تک لازمی طور پر شروع کر دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ کام کا معائنہ کرنے کے لئے باقاعدگی سے اس جگہ کا دورہ کروں گا۔اس موقع پر چیف انجینئر مظہر حسین خان‘ڈائریکٹر انجینئرنگ اقرار حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن‘جوہرٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے مختلف بلاکوں‘جوہر ٹاؤن میں واقع پرائیویٹ رہائشی سکیموں اور مسلم ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن میں واقع ایل ڈی اے کمیونٹی سنٹرز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جوہرٹاؤن سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے شیڈول مرتب کر کے باقاعدگی سے کارروائی کی جائے۔انہوں نے مسلم ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن میں واقع ایل ڈی اے کمیونٹی سنٹرزکامعائنہ بھی کیا اورا ن سے ریونیو جنریشن کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ کنور اعجاز خلیق رزاقی،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون خرم یعقوب‘ ڈائریکٹر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز بشریٰ نصیر‘ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو غلام خالق اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -