علم پر مبنی معیشت ملک کی جامع ترقی کیلئے لازمی شرط،صدر مملکت

  علم پر مبنی معیشت ملک کی جامع ترقی کیلئے لازمی شرط،صدر مملکت

  

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج کی ٹیکنالوجی کی دنیا میں کسی ملک کی معاشی ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عمل پیرا ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت ڈاکٹر عطا الرحمن اور سیکرٹری انفارمیشن یکنالوجی و ٹیلی کام شعیب صدیقی پر مشتمل وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے کہا کہ سماجی و قتصادی ترقی کا آئی ٹی کے شعبے میں پیش رفت کے ساتھ گہرا تعلق ہے، علم پر مبنی معیشت پاکستان کی جامع ترقی کیلئے لازمی شرط ہے جس کیلئے ہمیں لازمی طور پر اپنی آبادی کو دور درا ز علاقوں تک علم فراہم کرنا چاہئے جو باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے کی استعداد نہیں رکھتے اور اس کے اعلی معیار کو یقینی بنانا چاہیے۔دریں اثناصدر ڈاکٹر عارف علوی سے تیونس کے پاکستان میں سبکدوش ہونیوالے سفیر عادل العربی نے ملاقات کی،اس موقع پر صدر مملکت نے سبکدوش سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیونس کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب،ثقافت اور ورثے پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور تیونس کے مختلف بین الاقوامی معاملات پر مشترکہ مفادات ہیں۔صدر نے کہا کہ پاکستان گوادر پر گہرے پانی کی بندرگاہ اور سی پیک کے روٹس کے ذریعے تیونس کو وسطی ایشیائی ممالک اور چین کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔تیونس کے سفیر نے مہمان نوازی اور پاکستان میں قیام کو خوشگوار بنانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -