پاکستان آئی ایف سی کیساتھ شراکت ساری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: خسروبختیار

  پاکستان آئی ایف سی کیساتھ شراکت ساری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: ...

  

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مستقل معاشی ترقی کے حصول کے لئے نجی شعبے کی ترقی بارے پرعزم ہے،نجی شعبہ ملکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،وفاقی وزیر نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے نائب صدر اکنامکس اینڈ پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ مسٹر ہنس پیٹر لینکس سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ممبرز پلاننگ کمیشن اور وزارت کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان آئی ایف سی کے ساتھ اپنی شراکت داری کی قدر کرتا ہے اور ملک میں نجی شعبے کی ترقی کے لئے اس کی مدد کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایف سی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے میں تعاون کر سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط نجی شعبہ غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع  اور ملک میں مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مستقبل کی ترقی کی حکمت عملی میں ایس ایم ای کو معاشی ترقی کے ڈرائیور کے طور پر دیکھا جاتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایف سی اس شعبے میں مزید نجی سرمایہ کاری پر غور کر سکتی ہے۔آئی ایف سی کے نائب صدر نے وفاقی وزیر کو  پاکستان کیلئے جاری  آئی ایف سی کے پروگرام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن معیشت کی ترقی کیلے پاکستان کے لئے سالانہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مین فوکس ہاوسنگ، بجلی  اور توانائی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی ترقی اور طویل مدتی فنانس پلان پر کام کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایف سی پاکستان کے بجلی کے شعبے میں سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے اور اس سلسلے میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی ایف سی پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

 خسرو بختیار

مزید :

صفحہ آخر -