ارباب نیاز سٹیڈ یم کی تعمیر کیلئے فنڈ فراہم کرکے اگلے سال تیار کرنے کی کوشش کرینگے: عاطف خان

ارباب نیاز سٹیڈ یم کی تعمیر کیلئے فنڈ فراہم کرکے اگلے سال تیار کرنے کی کوشش ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے کھیل و سیاحت محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کو آئی سی سی معیار کے مطابق بنایا جائیگا جہاں کھلاڑیوں کو تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیگی۔ کوشش کریں گے کہ تعمیراتی کام جلد ازجلد مکمل کرکے اگلے سال پی سی ایل میچز کے لئے تیار کریں تاکہ پشاور اور خیبر پختوخوا کے عوام بھی پی ایس ایل کی رنگینیوں سے محظوظ ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے اسٹیڈیم پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری کھیل بابر خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے سینئر وزیر کھیل عاطف خان کو جاری تعمیراتی کام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کی عالمی معیار کے مطابق دوبارہ تعمیر جاری ہے۔منصوبے کی کل لاگت 1377.878 ملین ہے۔اسٹیڈیم کا کل رقبہ 89 کنال ہے منصوبے میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور بین القوامی معیار کے ہاسٹل کی تعمیر بھی شامل ہے۔ سینئر وزیر نے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں 35 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گونجائش ہوگی اور کوشش کریں گے کہ کہ پی ایس ایل سے قبل یہ سٹیڈیم تیار ہوسکے۔سٹیڈیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معیار کے مطابق تیار کررہے ہیں۔ سینئر وزیر نے صوبے میں کھیلوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 1000 گراونڈز تعمیر کیے جارہے ہیں اسکے علاوہ صوبے میں ڈویڑنل سطح پر خواتین کے لیے انڈور جیمنیزیم تعمیر کا منصوبہ متعارف کرایا جارہا ہے مردان، بنوں اور ایبٹ اباد میں فیمل انڈور جمنیزیم کی منظوری دی گئی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائیگا۔ اسکے علاوہ ضم شدہ اضلاع میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائی جارہی ہے، ضم شدہ آضلاع میں تحصیل سطح پر پہلے سے موجود 19 سپورٹس سٹیڈیم کی تجدید کے ساتھ 6 نئے سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جائینگے اور باجوڑ ناواگئی اور وزیرستان رزمک میں بہت جلد سپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔

مزید :

صفحہ اول -