جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری
جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مون سون ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک کے بالائیں علاقوں میں داخل ہو گئی ہیں اس دوران جڑواں شہروں سمیت بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہیگا۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک جڑواں شہروں میں 109ملی میٹر تک بارش رکارڈ کی جا چکی ہے۔دوسری طرف شدید بارشوں سے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15فٹ جبکہ گوالمنڈی میں سطح آب 13فٹ تک پہنچ گئی۔راولپنڈی میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، ندیم کالونی، جاوید کالونی، ڈھوک کالا خان شکریال، صادق آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان،ژوب، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی،گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن ،اسلام آباد اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاﺅں/برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویڑن کے نشیبی علاقے زیر آب آنےکا بھی امکان ہے۔تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید : ماحولیات /علاقائی /اسلام آباد