وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کو فون
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو فون کرکے پاکستان اور اس کے مفادات کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔سعودی میڈیا کے مطابق عمران خان نے سعودی عرب کے ساتھ بڑھتے تعلقات کو پاکستان کی اولین ترجیح قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے پاک سعودی تعلقات کی تعریف کی، انہوں نے تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے بھی فون پر رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان نے رمضان میں 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر یو اے ای کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔