مون سون کا نیا سلسلہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک میں داخل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواوں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات، ساہیوال، ڈی جی خان، میر پورخاص، سکھر ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، مالاکنڈ، ہزارہ، ڈی آئی خان، ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، قلات اور ژوب ڈویژن میں کہیں کہیں تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ ملک میں سب سے زیادہ گرمی نوکنڈی اور دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔