برآمدی شعبہ کی ترقی کیلئے سٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے:کارپٹ ایسوسی ایشن

  برآمدی شعبہ کی ترقی کیلئے سٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے:کارپٹ ...

  

لاہور/کراچی(سٹی رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے برآمدی شعبے پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ اورانہیں زائل کرنے کیلئے اقدامات کی جانب پیشرفت پر مبنی پالیسی کی تیاری کیلئے ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے،پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کے لئے سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد ہونا چاہیے، حکومت کے تعاون اور سرپرستی سے انشا اللہ پاکستان بہت جلد دوبارہ برآمدات کے شعبے میں کامیابیاں حاصل کرے گا۔ ان خیالات کا اظہارچیئرمین محمد اسلم طاہر،کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، وائس شیخ عامر خالد سعید،سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک،سینئر ممبرریاض احمد،سعید خان،اعجاز الرحمان،محمد اکبرملک،میجر(ر) اختر نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت مالی معاونت دے کر کارپٹ انڈسٹری کو لوگوں کی دہلیز پر روزگار کی فراہمی ذریعہ بنا سکتی ہے جس سے معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں کیلئے بروقت ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا۔مطالبہ ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں تین سالوں کیلئے پالیسی ریٹ میں کمی کر کے اسے منجمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کے اعلان کرد ہ پالیسیوں پر عملدرآمد کے لئے سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے کیونکہ برآمدات کے فروغ کے بغیر ہماری معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔

مزید :

کامرس -