پیداوار 5لاکھ ٹن، پاکستان کھجور پیداکرنے والا پانچواں بڑا ملک

  پیداوار 5لاکھ ٹن، پاکستان کھجور پیداکرنے والا پانچواں بڑا ملک

  

فیصل آباد (اے پی پی)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے شعبہ اثمار کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان دنیامیں کھجور پیداکرنے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے جہاں سالانہ 5 لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کھجور کا کل پیداواری رقبہ تقریباً 82 ہزار ہیکٹر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں سب سے زیادہ کھجور صوبہ سندھ میں پیدا ہوتی ہے جہاں اس کی پیداوار 2لاکھ 52ہزار 300ٹن ہے جبکہ بلوچستان اس سلسلہ میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 92ہزار 800ٹن کھجور کی پیداہوتی ہے۔ اسی طرح صوبہ پنجاب میں 42ہزار 600ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں کھجور کی پیداوار 8ہزار900ٹن ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان میں 150سے زائد اقسام کی کھجور پائی جاتی ہے جبکہ صرف مکران ڈویژن میں 130سے زائد کھجور کی ورائٹیز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کھجور کی شاندار پیداوار کے باوجود اس کی برآمدات بہت کم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت کھجور مختلف ممالک کی 23مارکیٹوں میں برآمد کی جارہی ہے جن میں بھارت، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی اور نیپال شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستانی کھجور کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھجور کی برآمدات میں اضافہ کر لیا جائے تو اس سے نہ صرف نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ برآمدات بڑھنے سے ملک میں معاشی استحکام بھی پیداہوگا۔

مزید :

کامرس -