کاشتکاروں کو کھادوں پر سبسڈی کی فراہمی جاری
لاہور(سٹی رپورٹر) ترجما ن محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے ڈی اے پی پر 500روپے،این پی پر200روپے،ایس ایس پی پر200 روپے،ایس او پی پر800 روپے،ایم او پی پر500 روپے اور این پی کے پر300روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔کھادوں پر سبسڈی کے حصول کیلئے تا حال کاشتکاروں کو ادائیگی کا عمل جاری ہے اور کاشتکاروں کو غیر ادا شدہ سبسڈی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ زراعت نے ایک موبائل ایپ کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے غیر ادا شدہ سبسڈی کے واؤچرز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ تصدیق مکمل ہوتے ہی کاشتکاروں کو رقم کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام ڈائریکٹر زراعت (توسیع)اور ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت (توسیع)کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود کاشتکاروں کے غیر ادا شدہ سبسڈی واؤچرز کی تصدیق کے عمل کو تیز کریں اور اس سلسلے میں کاشتکاروں کو ہر ممکن طریقے سے آگاہی فراہم کریں تاکہ تصدیق کا یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی کی طرف سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ واؤچرز کی تصدیق کے عمل میں تاخیر یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسا کرنے والے متعلقہ ڈائریکٹر یا ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں عید الاضحی کی چھٹیوں میں بھی کھادوں کے واؤچرز کی تصدیق کا یہ عمل جاری رہے گا۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں سے بھی اپیل کی ہے کہ اپنے غیر ادا شدہ واؤچرز کی تصدیق محکمہ زراعت کے مقامی افسران و عملہ سے جلد کرالیں تاکہ تصدیق کے بعد سبسڈی کی رقم کی ادائیگی جلد از جلد کی جا سکے۔