عید کے دنوں میں عام شہریوں کے چالان نہیں ہونگے، سی ٹی او

عید کے دنوں میں عام شہریوں کے چالان نہیں ہونگے، سی ٹی او

  

لاہور(کرائم رپورٹر، خبرنگار) سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے ایام میں عام شہریوں کے چالان نہیں ہونگے ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے چالان صرف اور صرف ٹریفک کی سنگین خلاف ورزی پر کیا جائے گا، حماد عابد نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر اس سال پہلے کی نسبت ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نئے سرے سے حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس میں شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں سمیت پارکوں میں پہلے سے زیادہ ٹریفک وارڈنز تعینات ہوں گے سٹی ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پیز اور ایس پیز اور وہ خود اہم مقامات پر موجود ہوں گے جبکہ سیکٹرز انچارج اور سٹی ٹریفک پولیس کے پٹرولنگ افسران کو بھی ذمہ داریاں سونپ دی گئی عیدالاضحی کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس مکمل طور پر ہائی الرٹ رہے گی اور اس مقصد کیلئے وہ خود مانیٹرنگ کریں گے دوسری جانب سی ٹی او لاہور سید حماد عابد نے پاکستان کی وساطت سے عیدالاضحی کی چھٹیوں میں والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کیوجہ سے حادثات کا اندیشہ رہتا ہے۔ جس کی بنا پر عیدالاضحی کے موقع پر بھی کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور عید الاضحی کے موقع پر ون ویلنگ اور کرتب دکھانے والوں کو گاڑی سمیت تھانوں میں بند کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عید پر ون ویلنگ اور کرتب دکھانے والوں سمیت کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کے لیے سخت حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد نے روزنامہ پاکستان کو مزید بتایا کہ ون ویلرز۔ہلڑ باز اورکم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشہ کو ایک چوراہے سے دوسرے چوراہے تک جانے نہیں دیا جائے گا اور اسی وقت گاڑی قبضہ میں لے کر ڈرائیور سمیت گاڑی کو متعلقہ تھانے میں بند کروادیا جائے گا۔اس لیے والدین کو چائیے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر اپنے بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی نہ دیں اس سے ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی۔

مزید :

علاقائی -