تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرینگے:عمران خان،بلڈرز کی وزیر اعظم کو 1300ارب کے تعمیراتی منصوبے شروع کرنیکی یقین دہانی

تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرینگے:عمران خان،بلڈرز کی وزیر اعظم کو ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت تعمیراتی شعبے کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی جب کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کے 13 نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں تعمیراتی شعبے میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات اور اس کے نتیجے میں شروع ہونے والی سرگرمیوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا وزیراعظم کو 13 بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کی جانب سے آئندہ 4 سے 5 ماہ میں 1300ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری سے مختلف منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔اجلاس میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے نمایاں بلڈرز اور ڈویلپرز اور بلڈرز اینڈ ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔آباد بلڈرز اور ڈویلپرز کی تنظیموں کی قومی سطح پر نمائندگی کرتی ہے اور نجی شعبہ کی تعمیراتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔آباد کے نمائندوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نہ صرف این او سی اور اجازت ناموں کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے بلکہ نجی بینکوں کی جانب سے تعمیراتی سرگرمیوں کے لئے بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جس کا کریڈٹ بلاشبہ موجودہ حکومت اور سٹیٹ بینک کو جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبہ کی ضرورت میں تعاون کرنے کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی میں گورنر سٹیٹ بینک کے اہم کردار کی تعریف کی۔اجلاس میں موجود بلڈرز اور ڈویلپرز نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ موجودہ نظام سے ان کے مسائل نمٹانے میں مدد ملے گی اور زیر التواء درخواستوں کی منظوری سے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے جا سکیں گے۔اجلاس میں موجود 13 بلڈرز نے بھی یقین دہانی کرائی جبکہ آباد کے بلڈرز اور ڈویلپرز بھی اپنے وعدوں پر عملدرآمد جلد شروع کریں گے۔وزیراعظم نے بلڈرز کمیونٹی کی یقین دہانی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ بڑے شہروں میں زیادہ ترقی ہوتی ہے جبکہ بلڈرز اور ڈویلپرز کی جانب سے زیادہ مواقع ملنے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور اس سے سرمائے کے حصول اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی جس سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور خسارے کا بوجھ کم ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ، چھوٹی اور بڑی صنعتوں کا فروغ موجود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت ان شعبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، نئے منصوبوں کو یوٹیلٹیز کی فراہمی سے متعلق امور پر وزیراعظم نے یقین دلایا کہ درخواستوں کو تیزی سے نمٹایا جائے گا۔وزیراعظم نے بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آن لائن درخواستیں، ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے جبکہ ون ونڈو سہولت مرکز سے تعمیراتی شعبہ کا کاروبار کرنے میں مزید آسانی پیدا ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے علاقے بلوکی کی ویڈیو شیئر کی، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سال قبل خالی نظر آنیوالی جگہ پر ہزاروں درخت لگے ہوئے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ 10 بلین ٹری سونامی کے تحت پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی واضح ہے۔ شجرکاری مہم کے تحت ایک سال میں بڑی تبدیلی نظرآرہی ہے۔ مافیا سے زمین واگزار کرا کے شجرکاری کی گئی۔ شجر کاری مہم سے آئندہ نسلوں کے لیے سبز پاکستان بنانے پر مطمئن ہوں۔ دریں اثنا عید پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا مقصد اس عزم کا اعادہ ہے کہ راہ حق پر چلنے اور عزیمت اور استقامت اختیار کرنے میں ہمیں جو بھی مشکلات پیش آئیں اور جیسی بھی قربانی دینی پڑے ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے،ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے، اس وبا نے دنیا بھر میں معاشرتی اور اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے،قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قربانی کا واجب سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔ عمران خان نے کہا کہ میں عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی کا فضل وکرم ہے کہ ہمیں اس نے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائی۔ انہوں نے کہاکہ عزیز ہم وطنو!ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا ساری انسانیت کے لیے ایک چیلنج بن کر آئی ہے۔ اس وبا نے دنیا بھر میں معاشرتی اور اقتصادی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان بھی دیگر ممالک کی طرح اس وبا سے نمٹنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔ اس وبا کی روک تھام کی خاطر حکومت کو لاک ڈاون جیسے اقدامات اٹھانے پڑے جس سے دیہاڑی دار طبقے پر معاشی طور پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ میری پاکستانی قوم سے یہ درخواست ہے کہ عید قربان کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے قربانی کا واجب سر انجام دیتے ہوئے غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں۔

عمران خان

مزید :

صفحہ اول -