کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) پاکستان نے بھارتی فوج کے ہاتھوں بدترین ظلم کے شکار کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے 5اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان کر دیا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری فتح تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی معید یوسف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5اگست 2019کشمیریوں کی اس جدوجہد کا ایک نیا موڑ ہے، ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا تشخص مٹایا، ان کا جھنڈا چھینا، ان کی شناخت ختم کی، ریاست جموں و کشمیر کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی، انتظامیہ نے بزور بازو لیکن کشمیریوں نے اسے ذہنی طور پر قبول نہیں کیا چاہے وہ ہندو پنڈت، چاہے لداخ میں رہنے والا بدھ مت یا وادی میں رہنے والا مسلمان ہے کسی نے ذہنی طور پر نہ اسے تسلیم کیا ہے نہ قبول کیا ہے اور ان کی جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جسے ہم نہیں سلامتی کونسل کی قراردادیں متنازع کہتی ہیں جسے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی سرکار نے ضم کرنے کی کوشش کی ہے جسے کشمیریوں اور پاکستان نے مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیر میں کیمونیکیشن بلیک آوٹ جاری ہے، کشمیر میں آج بھی بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی اور آج بھی کھڑی ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس کے بعد بھارت نے ری آرگنائزیشن ایکٹ نافذ اور اس کے ساتھ ڈومیسائل قوانین بھی شامل کیے جس کا مقصد بھارت کی واحد مسلم اکثریتی ریاست کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے ارادے کھل کر سامنے آگئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے لاک ڈاؤن کی تکلیف کیا ہوتی ہے اور کشمیری ایک سال سے لاک ڈاؤن کا سامنا کررہے ہیں۔ شاہ محمود نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کو یک جہتی کا واضح پیغام دینا چاہتے ہیں، حق خود ارادیت کے مقصد کے لیے پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انھوں نے کہا تحریک آزادی کے لیے کشمیری لیڈ کریں ہم ان کے پیچھے کھڑے ہیں، کشمیریوں کی ترجمانی اور ان کی آواز دنیا میں اٹھائیں گے، مایوس نہیں کریں گے، ہماری نظر سری نگر پر ہے، ہماری منزل سری نگر ہے، مقبوضہ کشمیر میں ناحق خون بہا ہے، جو بولے گا، کشمیریوں سے وعدہ کرتے ہیں آپ کی ترجمانی کریں گے، کشمیر ہائی وے کا نام 5اگست سے سرینگر ہائی وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سرینگر تک لے کر جائے گی، نہ کشمیری جھکیں گے اور نہ پاکستانی افواج پیچھے ہٹیں گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ5 اگست کو بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر ہم نے ایکشن پلان مرتب کیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا وزیر اعظم مظفرآباد میں 5 اگست کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، ہماری منزل سرینگر ہے اور انشااللہ 5اگست کو کشمیریوں کو پیغام دیا جائے گا، شائننگ انڈیا اب برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا، 5 اگست کو پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی، عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے جائیں گے، سوشل میڈیا پر مہم چلائیں گے، پوری دنیا میں پاکستانی سفارت کاروں سے درخواست ہے کہ ہائی کمیشن میں صرف تقاریر نہیں بلکہ مقامی میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں، میں خود تمام مشنز اور سفارت کاروں کی کاوشوں کو مانیٹر کروں گا۔شاہ محمود نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ بھارت کیا حرکتیں کر رہا ہے، دنیا نے دیکھا کہ نانا کی میت پر بیٹھے معصوم بچے پر بھارتی اہل کار بندوق تانے کھڑے ہیں، اس معصوم کشمیری بچے کو دیکھ کر دل بیٹھ گیا۔انھوں نے کہا کہ جب میں ہیومن رائٹس کونسل جنیوا میں انسانی حقوق کے پہلو کو اجاگر کر رہا تھا تو کونسل میں ہندوستان کا مندوب منہ چھپاتا پھر رہا تھا، وزیر خارجہ نے کہا کہ میں یو این سیکریٹری جنرل کو آن ریکارڈ 9خطوط لکھ چکا ہوں، وزارتِ خارجہ کے یہ خطوط ہماری منزل کے حصول کے لیے کردار ادا کریں گے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے وزیر خارجہ کا موقف تاریخ کا حصہ بن رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -