پٹرول 3.86،ڈیزل 5روپے لٹر مہنگا،ایل پی جی کی قیمت میں بھی ایک روپیہ 50پیسے فی کلو اضافہ

  پٹرول 3.86،ڈیزل 5روپے لٹر مہنگا،ایل پی جی کی قیمت میں بھی ایک روپیہ 50پیسے فی ...

  

اسلام آباد، لاہور (سٹاف رپورٹر، خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)حکومت نے عید سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی 5 روپے 97پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6روپے 62پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 103 روپے 97 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 65روپے29پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 62روپے 86پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا۔ اوگرہ نے ایل پی جی کی قیمتوں میں ایک روپیہ 50 پیسے اضافہ کر کے ماہ اگست کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جار ی کر دیا۔ جس کے بعد ایل پی جی فی کلو 115روپے 50پیسے مقرر کر دی گئی اور اس کے بعد گھریلو سلنڈر 18 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 70 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔اس کے بعد ملک بھر میں صارفین کو گیس 114 روپے فی کلو کی جگہ 115 روپے 50پیسے، گھریلو سلنڈر 1345روپے کی جگہ 1363 روپے 55پیسے، کمرشل سلنڈر 5175 روپے کی جگہ 5244 روپے میں دستیاب ہو گا۔جس کا اوگرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بین الاقوامی قیمت میں 5 ڈالر کے اضافے کہ بعدایل پی جی 350 ڈالر سے بڑھ کر 355 ڈالر ہو گئی۔ لوکل منڈی میں اضافہ بین الاقوامی قیمت میں اضافہ ہونے کے باعث ہوا ہے۔ایل پی جی کی قیمتوں میں عیدالاضحی کے موقع پر بڑھانے پر صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرایا گیا ہے جوکہ حکومت کی غریب دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دوسری جانب چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان محمد عرفان کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی لوکل پیداواری بڑھائی جائے اور لوکل پیداواری ادارے نے جے وی ایل پلانٹ جام شورو جوائنٹ وینچر کو فوری طور پر چلایا جائے تا کہ لوکل پیداوار بڑھنے سے عوام کو سستی ایل پی جی دستیاب ہو سکے اور اس طرح جے جے وی ایل پلانٹ کے چالو ہونے سے حکومت کواس کی بندش سے سالانہ 4 ارب کے نقصان سے بھی چھٹکارہ ہو سکے گا۔

ُپٹرول، گیس

مزید :

صفحہ اول -