حکومت نے کورونا وباء پر دور اندیش فیصلے کئے،اپوزیشن کو منہ کی کھانا پڑی:عثمان بزدار

حکومت نے کورونا وباء پر دور اندیش فیصلے کئے،اپوزیشن کو منہ کی کھانا ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کورونا وباء کے دوران منفی سیاست کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی لہٰذا اس ہزیمت کے بعد کورونا پرپوائنٹ سکورنگ کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کو جھوٹ کی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی انسداد کورونا پالیسی کامیاب رہی اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے اور عالمی سطح پر بھی وزیر اعظم عمران خان کے انسداد کورونا ویژن کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی ہے نہ کوئی ایجنڈا،پاکستانی عوام میں اپوزیشن رہنماؤں کی ساکھ ختم ہو چکی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں خود بھی تنہا ہو چکی ہیں اور عوام کو بھی تنہا چھوڑ چکی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں۔عثمان بزدارنے عید الاضحی کے موقع پر پاکستانی قوم کو اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا کے باعث عید الاضحی سادگی کے ساتھ منانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انسداد کورونا کے اقدامات باآور ثابت ہو رہے ہیں تا ہم احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا۔ عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور یاد رکھیں یہ صرف آپ کا ہی نہیں بلکہ آپ کے پیاروں کی زندگی کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خود بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروں گا اور سادگی کے ساتھ عید مناؤں گا۔دریں اثناء عثمان بزدارکی ہدایت پر صوبہ بھر میں 5اگست کو ”یوم استحصال کشمیر“ منایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ آفس سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ”یوم استحصال کشمیر“ریلی کی قیادت کریں گے۔وزیراعلیٰ آفس سے گورنر ہاؤس تک ریلی میں اراکین اسمبلی،پارٹی رہنما اور اہم شخصیات شرکت کریں گی- پنجاب کے ہر ڈویژن میں ”یوم استحصال کشمیر“پر تقریبات اور ریلیاں منعقد ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرکے لاک ڈاؤن کو ایک سال گزر چکا ہے۔مظلوم کشمیری بھارتی ظلم وستم کی وجہ سے بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔بھارت کاغیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ صدی کا سب سے بڑا انسانی بحران اورالمیہ بن چکا ہے۔غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کاایک سال عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -