”عیدپر گھر میں رہیں“ملکی مایہ ناز کھلاڑیوں کی عوام سے اپیل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے باعث اپنے نیک پیغامات میں عوام سے درخواست کی ہے کہ عید کے موقع پرمحتاط رہا جائے،عوام گھروں میں رہیں تو بہت اچھا ہے۔لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بہت سی عیدیں ہم گلے مل کر اور دعوتیں کر کے منا چکے ہیں، اس عید پر احتیاط کریں اور فون پر عید کی مبارکباد دیں۔ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا کہ عید کا موقع تو ہے لیکن ہمیں غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، اس لیے ہمیں اپنا، اپنے گھر والوں اور دوسروں کا خیال رکھنا ہے۔ میری کوشش ہے کہ میں گھر پر رہوں اور اپنی فیملی کے ساتھ ہی عید مناؤں، میں اپنے دوستوں سے نہیں مل رہا۔ٹینس اسٹار عشنا سہیل کا کہنا ہے کہ یہ عید ماضی کی عیدوں کے مقابلے میں بہت مختلف ہے، میں نے اس مرتبہ عید پر شاپنگ بھی نہیں کی، میل ملاقاتوں کا سلسلہ تو ہو گا لیکن احتیاطی تدابیر اولین ترجیح ہوگی۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن بہت اچھا فیصلہ ہے۔ بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ عید پہلے جیسی نہیں ہے، پہلے ہم عید سے تین چار روز قبل بکرے خرید کر لاتے تھے لیکن اس مرتبہ ایک روز قبل ہی لائے ہیں اور اس عید پر سب سے زیادہ دعوتوں کو مِس کروں گی۔ عید سے قبل لاک ڈاؤن کا اچھا فیصلہ ہے۔
کھلاڑی،اپیل