سعید غنی نے دھمکیاں دیں،سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں:علی زیدی
کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے سعید غنی نے دھمکیاں دیں ہیں، یہاں حکومت نام کی کوئی چیز ہے ہی نہیں،اسلئے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کیلئے آئین کی دفعہ140اے کے تحت عدالت جاؤں گا تاکہ بلدیاتی اداروں کے اختیا ر ا ت کا مسئلہ حل ہو، سندھ میں متوازی حکومت بنانے نہیں بس کراچی کی مدد کیلئے آئے ہیں۔بلاول کے بیرون ملک ڈیڑھ ارب کا حساب لیں گے کہ کہاں سے آیا ہے؟ کراچی آمد پر ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کاکہنا تھا وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی تعلیم دیکھیں کہ اگر ان سے سوال کیا جائے تو وہ جواب میں مغلظات بکتے ہیں۔ اسلئے کراچی آیا ہوں اور چنیسر گوٹھ کا دورہ کروں گا، انشا اللہ لوگوں کو جے آئی ٹی بھولنے نہیں دوں گا، عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ اس کے خاندان کو آصف زرداری سے خطرہ ہے۔ عزیر بلوچ، نثار مورائی جن لوگوں کیلئے کام کرتے تھے وہ آج اسمبلیوں میں تقاریر کر تے ہیں۔ کراچی میں گزشتہ سال 160ملی میٹربارش ہوئی تھی، سرمایہ داروں نے کراچی کی صفائی کیلئے ہمیں کروڑوں روپے کا چندہ دیا تھا جس پر ہم نے نالے صاف کرائے اسی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی ہوگئی تھی۔ سندھ میں تھانے اور کچرا کنڈیاں سب فروخت ہوتی ہیں، تحریک انصاف کا جو منشور ہے احتساب ہوگا اور سب کا ہوگا، ہم اسی منشور پر عمل پیرا ہیں،علی زیدی نے صوبائی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا سندھ میں کوئی حکومت نظر ہی نہیں آ رہی۔ کراچی میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)بھیجنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔
علی زیدی