پنجاب ماتحت عدالتیں،موسم گرما تعطیلات میں 13مخصوص مقدمات کی سماعت ہوگی

  پنجاب ماتحت عدالتیں،موسم گرما تعطیلات میں 13مخصوص مقدمات کی سماعت ہوگی

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)کورونا وبا کے پیش نظرپنجاب کی ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد بھی صرف13قسم کے مخصوص مقدمات کی سماعت ہوگی،لاہورہائی کورٹ نے اس سلسلے میں پچھلے تمام نوٹیفکیشن کے تسلسل میں نیا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے،سول کورٹس میں 3اگست جبکہ سیشن کورٹس میں 15اگست کو موسم گرما کی تعطیلات ختم ہورہی ہیں جس کے بعد ان عدالتوں میں 13مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی،ان مقدمات میں کرایہ داری کے معاملات، وراثت کی حد تک استقرار حق کے دعویٰ جات،گارڈین شپ،وراثتی سرٹیفکیٹس،لینڈ ایکوزیشن (صرف ریفرنسز)،عائلی مقدمات،سول اپیلیں اور نگرانی کی درخواستیں،فوجدرای اپیلیں اورنگرانی کی درخواستیں، ایسے مقدمات جن میں بحث حتمی مرحلہ پر ہو،ایسے سول مقدمات جن میں آخری ایک یا دو گواہوں کی شہادت باقی ہو،جسٹس آف پیس کے سامنے اندراج مقدمہ وغیرہ کی درخواستیں، صلح کے معاملات، تمام قسم کی متفرق درخواستیں بشمول ضمانت،سپرداری اورضابطہ فوجداری کے سیکشن 249(اے)اور265(کے)کے تحت درخواستیں بھی شامل ہیں،صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزکو اس بابت بھجوائے گئے مراسلہ کے مطابق تمام نوعیت کے مقدمات معمول کے مطابق دائرہوں گے تاہم متعلقہ عدالت مذکورہ مخصوص اقسام کی روشنی میں فیصلہ کرے گی کہ کس مقدمہ کی کب سماعت کرنا ہے،ہائی کورٹ نے سیشن ججوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنوں کے صدور اور سیکرٹریوں سے میٹنگ کرکے لائحہ عمل مرتب کریں۔

مقدمات سماعت

مزید :

صفحہ آخر -