عید الاضحیٰ ہمیں ایثار،قربانی،اخوت،محبت کا درس دیتی ہے:سراج الحق
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عیدا لاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید قربان ہمیں ایثارقربانی اوراخوت و محبت کا درس دیتی ہے۔ پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے، خوشحالی اور ترقی کی منزل حاصل کرنے کیلئے ہمیں پاکستان کو ایک ویلفیئر اسلامی ریاست بنانے کی جدوجہد کرنا ہوگی۔ہمیں اپنے ارد گرد اس وبا سے متاثرہ سفید پوش طبقے کی ضروریات کا خیال رکھنا ہے۔عید قربان کا اصل مقصد اپنے خالق و مالک کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار رہنا ہے۔علاوہ ازیں سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کشمیر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کی طرح ہمارے حکمران بھی سوئے ہوئے ہیں۔قوم کو کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے جاگنا ہوگا۔ جماعت اسلامی 4اگست کواسلام آباد میں کشمیر کی آزادی کیلئے مشاورتی کانفرنس اور 5اگست کو ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی۔
سراج الحق