اپنی انا کو اللہ کی خاطرقربان کرنا سنت ابراہیمی ہے،محمد حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اپنی انا اور نفس کی تمام خواہشات کو اللہ کی رضاکی خاطرقربان کردینا سنت ابراہیمی ہے۔زندگی کے ہردائرے میں قرآن وسنت پرعمل کرنا عیدالضحیٰ کا حقیقی پیغام ہے۔صوبائی امیر نے عید الضحیٰ پرجاری اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اللہ کی راہ میں سب سے پیاری چیز قربان کرنے کے ساتھ ہمارا جینا مرنا محبت نفرت صرف اللہ کی خاطرکرنے کا عزم کرنا چاہئے۔ سنت ابراہیمی کا مقصد تقویٰ کا ماحول پیدا کرناہے۔پوری قوم کے اندر تقویٰ آجائے تو معاشرہ جنت،مہنگائی چوربازری ختم اورقوم کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اسلام اورنظریہ پاکستان ہی ملک کی ترقی اورقوم کی خوشحالی کے ضامن ہیں۔آج سنت ابراہیمی اور تقویٰ کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسلامی فلاحی اورجمہوری ریاست کے قیام کا حقیقی خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔صوبائی امیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر چرم قربانی الخدمت کو دینے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت سے وابستہ سابق میئر و ناظم عبدالستار افغانی و نعمت اللہ خان نے کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے دیانت و امانت کے ساتھ کام کیا جس کے مخالف بھی معترف ہیں۔ اگر آج کراچی سمیت سندھ میں اہل و دیانتدارقیادت کی فقدان کی وجہ سے شہروں کی صفائی سے لیکر لوگ صاف پانی، بجلی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ حقیقی تبدیلی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام سے نجات حاصل کی جائے۔