پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، تیسرا ٹی 20 میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا

پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، تیسرا ٹی 20 میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، تیسرا ٹی 20 میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا
سورس: Twitter

  

پراویڈنس (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا۔

پراویڈنس میں شیڈول تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ پر آغاز سے ہی سیاہ بادل چھائے رہے۔ ابھی ٹاس بھی نہیں ہوا تھا کہ بادلوں نے برسنا شروع کردیا جس کے باعث آدھے گھنٹے کی تاخیر سے ٹاس اور 15 منٹ دیر سے میچ شروع ہوا۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابھی میچ کی صرف آٹھ گیندیں ہی ہوپائی تھیں کہ ایک بار پھر بارش برسنے لگی جس کے باعث میچ رک گیا۔ بارش گراؤنڈ کے وقت کے مطابق 11:22  (08:22) پر شروع ہوئی اور لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے بعد 12:46 (09:46) پر ختم ہوئی۔

بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ کے خشک ہونے کا انتظار کیا جاتا رہا۔ امپائرز نے گراؤنڈ میں آکر فیلڈ کا جائزہ لیا اور مشاورت کے بعد واپس چلے گئے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور کیرون پولارڈ بھی آؤٹ فیلڈ کا جائزہ لینے کے بعد واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد امپائرز اور کھلاڑیوں کے آنے جانے کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے بعد گراؤنڈ کے وقت کے مطابق 02:10 (11:10) پر دونوں کپتانوں سے مشاورت کے بعد امپائرز نے میچ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کو سات رنز سے شکست دے دی تھی۔ گرین شرٹس کو چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا آخری میچ 3 اگست کو کھیلا جائے گا۔

مزید :

Breaking News -کھیل -