" میں منظر سے غائب نہیں" شہباز شریف سامنے آگئے، استعفے کی خبروں کی بھی وضاحت کردی

" میں منظر سے غائب نہیں" شہباز شریف سامنے آگئے، استعفے کی خبروں کی بھی وضاحت ...
سورس: File

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان کے استعفیٰ کی خبر جعلی ہے، ن لیگ ان کا گھر ہے جس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں شہباز شریف نے استعفیٰ کی خبروں پر اپنی بجت تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بجٹ تقریر میں ایک جملہ کہا تھا کہ اگر عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ جعلی ہے اسی طرح ان کے استعفے کی خبر بھی جعلی ہے۔" میں منظر سے غائب نہیں ہوں، مسلم لیگ ن میرا ایک گھر ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔"

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اس پارٹی کو بڑی محنت سے بنایا ، یہ محنت 40 سال کی محنت پر محیط ہے۔ اس میں کارکنان کی شراکت بھی شامل ہے۔ "میں تو دو مرتبہ گرفتار ہوا ہوں، نیب کا میں دو مرتبہ مہمان بن چکا ہوں۔ عمران خان کا بس چلے تو ابھی اسی وقت ہمارا انٹرویو ختم کر کے مجھے پھر جیل میں بھجوا دے۔ مجھے بتائیں کہ اس کے نتیجے میں میری ذات کو کیا ملا؟"

شہباز شریف نے تصدیق کی کہ انہیں پرویز مشرف نے وزیر اعظم بنانے کی پیشکش کی تھی۔ "میں کبھی حساس معاملات  پبلک نہیں کرتا، یہ میری عادت نہیں ہے، نہ کبھی کیا ہے نہ کروں گا۔ جنرل پرویز مشرف خود ایک چینل پر انٹرویو میں بتا چکے ہیں کہ شہباز شریف سے وزارتِ عظمی کی بات ہوئی تھی، مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی آفر کی۔"

مزید :

اہم خبریں -قومی -