محرم الحرام میں بین المسالک رواداری کو یقینی بنایا جائیگا،ڈاکٹر طاہر رضا بخاری

 محرم الحرام میں بین المسالک رواداری کو یقینی بنایا جائیگا،ڈاکٹر طاہر رضا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے شیعہ و سْنی اَمن کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ مزار حضرت بی بی پاکدامناں ؒ کو عاشورہ محرم کے دوران عام زائرین کے لیے کھولتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ کربلا کے ریگزار پر اہل ِ بیت اطہار ؓکی لازوال قربانیاں تاریخ ِ اسلام کا ایسا تابناک باب ہیں، جس سے اْمت، قیامت تک راہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔ دینی طبقات دفاع وطن کے تقاضوں سے آگاہ اور استحکام پاکستان کے لئے ہمیشہ کی طرح مستعد اور پْرعزم ہیں۔ اس موقع پر شیعہ سْنی امن کمیٹی کے ممبران مفتی قیصر نعیمی اور آغاشاہ حسین قزلباش نے عاشورہ محرم کے دوران مزار بی بی پاکدامناں ؒ کو عام زائرین کے لئے کھولنے کے حکومتی فیصلے کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ یہ مزار امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کا مرکز ہے، بالخصوص عاشورہ محرم کے دوران،یہاں ان روایات کو مستحکم اور یقینی بنایا جائے گا۔ زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون غلام عباس اور منیجر اوقاف شیخ محمد جمیل نے زائرین کے لئے فراہم کردہ سہولیات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے دوران سیکیورٹی، صفائی، لنگر اور طبی سہولیات کی بہم رسانی کا اہتمام ہوگا۔ اس موقع پر زائرین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔