ماہ محرم امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ڈاکٹرراغب نعیمی

  ماہ محرم امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ڈاکٹرراغب نعیمی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ماہ محرم ہمیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ملکی استحکام کیلئے امن، وحدت اور باہمی احترام کو یقینی بنایا جائے۔مذہبی اورسیاسی قائدین باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد و بھائی چارے کو فروغ دیں۔ہمیں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی بجائے مذہبی ہم آہنگی اور اخوت اور محبت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ تمام مذاہب و مسالک کے افراد محرم الحرام پر تحمل اور برداشت کا دامن کسی صورت نہ چھوڑیں اور باہمی اخوت،مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزعلماء کرام کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اسلام ہمیں امن سے رہنے کی تلقین کرتا ہے۔ امام حسین علیہ اسلام نے حق اور باطل کو واضح کرنے کیلئے پنی اوراپنے خاندان کی قربانی دے کر رہتی دنیا تک مثال قائم کی۔محرم الحرام کا مہینہ امن،بھائی چارے اور باہمی اتفاق و اتحاد کا درس دیتا ہے،اس مہینے کے تقدس کے پیش نظر ہمیں فرقہ واریت،مذہبی وسیاسی منافرت کی بجائے مذہبی ہم آہنگی،سیاسی رواداری اور اخوت و محبت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،اس ماہ میں اہل بیت نے دین اسلام کی خاطر عظیم قربانیاں دیں۔ محرم الحرام میں ہمیں انتظامیہ کے ساتھ بھی ہر قسم کا تعاون کرنا چاہیے،مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھ کر فوری انتظامیہ کو آگاہ کریں۔محرم الحرام میں سب پر لازم ہے کہ وہ بھائی چارے کی فضا کو قائم ر کھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -