جدید ڈیزائن کے وژن کا فروغ مشن ہے، افتخار علی ملک 

 جدید ڈیزائن کے وژن کا فروغ مشن ہے، افتخار علی ملک 

  

اسلام آباد(یواین پی)سارک چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ صنعتی شعبہ کی عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کیلئے مصنوعات کے بین الاقوامی معیارات پر سختی سے عمل اور ڈیزائن میں جدت اعلی ترین ترجیح بن چکی ہے۔انہوں نے یہ بات اتوار کو یہاں انجینئر الماس حیدر، سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اور چیئرمین سپیل ٹیکنالوجی سپورٹ کی قیادت میں کارپوریٹ سیکٹر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے ذریعے ڈیزائن کی جدت ٹیکنالوجی پر مبنی آٹوڈیسک سافٹ ویئر عالمی منڈیوں کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دنیا بھر کی صنعت میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ خاص طور پر اس ٹیکنالوجی نے لوگوں کی ضروریات کے تکنیکی طور پر ممکنہ طور حل اور مارکیٹ مواقع کو مد نظر رکھ کر قابل عمل کاروباری حکمت عملی وضع کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن جدید ڈیزائن کے وژن کے ساتھ طلبااور اساتذہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشنا ہے تاکہ وہ آج اور مستقبل کے پیچیدہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں اور خود کو تیزی سے ترقی کرتی ہوئی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کر سکیں کیونکہ کوئی قوم اس کے بغیر ترقی کے حقیقی ثمرات سے مستفید نہیں ہو سکتی۔ مینوفیکچرنگ کے لیے ڈیزائن میں جدت کا بنیادی فائدہ خاص طور پر زیادہ پیداوار کے حصول کے دوران پراڈکٹ کی لاگت میں کمی، آپریٹرز کی غلطیوں میں کمی، اضافی سرگرمیوں پر کنٹرول اور پیداواری وقت میں کمی لانے میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزائن ہی ایسی خوبی ہے جو مصنوعات کی فروخت کے عمل میں خریداروں کو متاثر اور اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ افتخار علی ملک نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کو 2.69 ملین امریکی ڈالر کے آٹو ڈیسک سافٹ ویئر کی مفت فراہمی پر الماس حیدر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

جس سے طلباکو جدید ترین معلومات فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور ایوننگ پروگرامز کے ذریعے جاب پروفیشنل ایگزیکٹوز کو تربیت دی جاسکے گی۔انہوں نے کہا کہ فیکلٹی اور طلباکو دنیا کے بہترین آٹوڈیسک سافٹ ویئر تک براہ راست مفت رسائی حاصل ہے۔ وفد کے قائد الماس حیدر نے کہا کہ اسپیل ٹیکنالوجی سپورٹ نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کے ساتھ خصوصی طور پر تعلیمی مقصد کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں اور امریکی کمپنی کے آٹوڈیسک سافٹ ویئر ان کے حوالے کیے ہیں جس میں آٹو کیڈ جیسے 10جدید ترین ڈیزائن ٹولز شامل ہیں جو دنیا بھر میں فن تعمیر، انجینئرنگ، تعمیرات، میڈیا، تفریح، ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں جدید ترین ڈیزائننگ میں استعمال ہو رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان میں تعلیمی اداروں، اساتذہ اور انڈسٹری کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ آٹو ڈیسک سافٹ ویئر کا مقصد ایک ایسی پراڈکٹس ڈیزائن کرنا ہے جو با آسانی اور صنعتی سطح پر تیار کی جا سکیں کیونکہ کسی پراڈکٹ کی 70 فیصد لاگت کا تعین اس کی ڈیزائننگ سے ہوتا ہے۔

مزید :

کامرس -