وزیراعظم کے دورہ بلوچستا ن کی ویڈیو ایڈٹ کر کے آوازیں شامل کی گئیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بلوچستان کی ویڈیو ایڈٹ کرکے اس میں آوازیں شامل کی گئیں، یہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کرانے والی بشریٰ بی بی کی ارسلان بیٹے کو ہدایت کا تازہ شاہکار ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ علاقے کا فضائی جائزہ لیتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی تھی اسی دوران ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی جس میں فضائی جائزہ لینے کے دوران وزیراعظم کوکہا جارہا ہے کہ'سر کیمرہ آن ہے اور آپ کی ویڈیو بن رہی ہے۔مسلم لیگ ن کی جانب سے اصلی اور ایڈٹ شدہ ویڈیو دونوں ساتھ ملا کر جاری کی گئی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ویڈیو کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں ویڈیو کو ایڈٹ کرنے اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کاذمہ دار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ونگ کو قرار دیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی لاشیں برف کے نیچے پڑی رہیں تو اس وقت بشریٰ بی بی نے عمران خان کو جانیکی اجازت نہیں دی، انہیں تکلیف ہے شہباز شریف عوام کے پاس کیوں جاتا ہے، ان سے ہمدردی کیوں کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کے دورے کی ویڈیو خود میں نے بنا کر میڈیا کو جاری کی، بعد میں جعل سازی سے اس میں آوازیں شامل کی گئیں۔ اصل ویڈیو ہونے کے باوجود جعلی ویڈیو کی تشہیرکرنے والوں پر تنقیدکرتے ہوئے مریم نے کہا کہ اے آر وائی نیوز کے پاس بھی اوریجنل ویڈیو موجود ہے، ویڈیو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بھجوا دی ہے تاکہ ویڈیو میں آوازیں شامل کرنے والے جعلساز قانون کی گرفت میں آئیں۔انہوں نے کہ صحافت اور آزادی اظہار کی آڑ میں جھوٹ پھیلانے اور عمران کی کرپشن سے توجہ ہٹانے پر اے آر وائی کو شرم آنی چاہیے، اے آر وائی سچائی اور حقیقت کا ہر لمحے قتل کرتا ہے، اربوں روپے کے غیرقانونی ٹھیکے مل رہے ہوں تو پھر صحافت کے لبادے میں جھوٹ کا پرچار ہی ہوگا۔
مریم اورنگزیب