مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ایک اور نوجوان شہید
سرینگر(این این آئی، آئی این پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع بارہمولہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے بونیرمیں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا کٹھ پتلی انتظامیہ نے علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دیں۔فوجیوں نے گزشتہ روز بھی ضلع کے علاقے وانیگام بالا میں ایک نوجوان کو شہیدکیاتھا۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔دوسری جانب غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے اتوار کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے ایک نوجوان کو گرفتارکرلیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ نوجوان کو بھارتی فوج کی 26آسام رائفلز اورپولیس کی ٹیموں نے ضلع کے علاقے اشٹنگو میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتارکیا گرفتارنوجوان کی شناخت فیصل گلزار کے نام سے ہوئی جوضلع اسلام آباد کے علاقے ہلرارہامہ کا رہائشی ہے۔ پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے اس کا تعلق عسکریت پسندی کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی ہے۔
کشمیری شہید