شاہد خاقان نے بھارتی کمپنی سے 14کروڑ وصول کیے،شہباز گل

شاہد خاقان نے بھارتی کمپنی سے 14کروڑ وصول کیے،شہباز گل

  

لاہور(این این آئی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شہباز گل نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سابقہ دور میں بطور پیٹرولیم وزیر مبینہ طور پر ایک بھارتی کمپنی سے کنسلٹنسی کے نام پر پونے 14کروڑ روپے وصول کئے،اگر بطور وزیر پیٹرولیم کسی کمپنی کو کنسلٹنسی دے رہے تو یہ رشوت ہے اور اگر غیر ملکی کمپنی کو دے رہے تو کیا جاسوسی کرنے کے پیسے لے رہے تھے، یہ سکیورٹی کے ادارے کیلئے بہت بڑا سوال ہے،سارا ٹبر ہی نہیں بلکہ ساری پارٹی چور اورمافیا ہے۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مبینہ وصول کی گئی رقم کی ٹرانزیکشن کی دستاویزات دکھاتے ہوئے بتایا کہ جب شاہد خاقان عباسی 30-12-2016سے4-01-2017تک وزیر پیٹرولیم رہے اس وقت انہیں تین ٹی ٹیز آئیں اور ان کی مد میں پونے 14کروڑ روپے وصول ہوئے،ٹرانزیکشن کی تفصیلات دیکھتے ہیں تو یہ کنسلٹنسی تھی حالانکہ یہ اس وقت پر وزیر پیٹرولیم تھے، یہ اہم ہے کہ بھارتی کمپنی جس کا آفس دبئی کے اندر ہے اس کے مالک کے مودی سے قریبی تعلقات ہیں۔بتائیں کیا کنسلٹنسی تھی کہ بھارت کی ایک کمپنی آپ کو پونے 14کروڑ روپے بھجوا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی ٹرانزیکشن میں 3-01-2017کو 2لاکھ69ہزار935ڈالر،دوسری ٹرانزیکشن میں 30-01-2017کو8ہزار935ڈالراور پھرتیسری ٹرانزیکشن میں 29-12-2016کو2لاکھ59ہزار935ڈالر وصول ہوئے،ٹرانزیکشن میں یہ واضح لکھا ہوا ہے کہ کنسلٹنسی فیس کی مد میں وصول کئے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بیرونی سازش کا مس ایڈوانچر پاکستانی قوم پر بڑا عذاب ثابت ہوا ہے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں شہباز گل نے شہباز حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں بیروزگاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پرموجود ہے۔انہوں نے لکھا کہ روزکسی نئی انڈسٹری کے بند ہونے کی خبرآرہی ہے، ثابت ہوا کہ بیرونی سازش کا مس ایڈونچر پاکستانی قوم پر بڑا عذاب ثابت ہوا ہے۔اپنے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی رہنما نے پارٹی موقف دہراتے ہوئے لکھا کہ تمام مسائل کا حل صرف شفاف الیکشن ہیں، نوٹ کرلیں۔

شہباز گل

شہباز گل

 اسلام آباد(آئی این پی)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے شہباز گل کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی اور اس کی کیچڑ اچھالنے والی بریگیڈ 4 سال حکومت میں رہی ہے، اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے بے ہودہ الزامات میں صداقت ہے تو یہ میرے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کریں، پی ٹی آئی حکومت نے میرے خلاف 2 جھوٹے مقدمات بنائے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ انہیں عدالتوں میں اپنے پاس موجود ثبوتوں کے ساتھ درخواستیں دائر کرنی چاہیے۔

شاہد خاقان

مزید :

صفحہ اول -