کراچی،جعلی پولیس افسر اور کانسٹیبل سمیت 4 رکنی گینگ کو گرفتار 

کراچی،جعلی پولیس افسر اور کانسٹیبل سمیت 4 رکنی گینگ کو گرفتار 

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ سینٹرل بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس افسر اور کانسٹیبل سمیت 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی وسطی پولیس نے خود کو پولیس اہل کار ظاہر کر کے وارداتیں کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، گینگ موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، ایک واردات کے دوران شہری کو گولی مارنے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق گینگ سرغنہ سمیع عرف صمد خود کو پولیس افسر ظاہر کرتا تھا اور ساتھی ڈکیت وقار کو جعلی پولیس کانسٹیبل بنا رکھا تھا، جب کہ طلحہ ڈانسر اور شہباز باسو عام کپڑوں میں ملبوس ہوتے تھے۔گرفتار ملزمان جرائم کی لا تعداد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان واردات کے لیے پولیس یونیفارم کا استعمال کیا کرتے تھے۔ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان نے پستول کا کوڈ نام میموری کارڈ رکھا تھا، ان کے قبضہ سے 3 ٹی ٹی پستول 1 نائن ایم ایم، پولیس کی وردیاں، پولیس لائٹ، شہریوں سے چھینے گئے 10 سے زائد موبائل فون، 2 لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر سسٹم برآمد ہوا ہے۔ملزمان سے ایک گاڑی اور 1 موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے، ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان سے ضلع جنوبی اور ایئر پورٹ کے اطراف ہونے والے جرائم سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے۔ملزمان موٹر سائیکل اسنیچنگ کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک واردات کے دوران موٹر سائیکل چھیننے کے دوران شہری کو گولی مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -