مولوی محمد سعید ہاشمی کی سربراہی میں افغان وفد کاآفتاب شیر پاؤ سے ملاقات

مولوی محمد سعید ہاشمی کی سربراہی میں افغان وفد کاآفتاب شیر پاؤ سے ملاقات

  

     پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے ایک وفد نے مولوی محمد سعید ہاشمی کی سربراہی میں قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤسے وطن کور پشاور میں ملاقات کی۔وفد میں شیخ الحدیث مولانا محمد نعیم کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر ملاقات میں افغان مہاجرین کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حوالے تفصیلی گفتگو ہوئی۔بات چیت کے دوران آفتاب شیرپاؤ نے کہاکہ طورخم اور چمن بارڈر پر افغان باشندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویہ کے حوالے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود یہ سلسلہ نہ روک سکایہاں تک کہ افغانستان سے علاج و معالجہ کیلئے آنے والے افغان باشندوں کے ساتھ بھی کوئی نرمی نہیں کی جاتی جبکہ پاکستان سے افغانستان واپسی پر بھی ان کے ساتھ ہتک آمیزرویہ رکھا جاتاہے۔انھوں نے اس قسم کی رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے مابین حالات مزید خراب ہوں گے۔انھوں نے چمن بارڈر اور ژوب میں 240افغان مہاجرین کی خواتین اور بچوں سمیت گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بارڈر کے دونوں جانب پختونوں کو مشکلات کا سامنا ہے جس کو قومی وطن پارٹی تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انھوں کہا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوریاں مزید بڑھے گی اور تناؤ میں مزیداضافہ ہوگا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین پائی جانے والی غلط فہمیوں کودورکرکے عوامی رابطوں کو مضبوط کیا جائے تاکہ 24 سوکلومیٹر پر محیط پاک افغان بارڈر کو محفوظ بنایا جاسکے جس کیلئے پاکستانی حکومت کو دورس اور موثر اقدامات اٹھانے چاہیے۔انھوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور استحکام لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -